سرگودھامیں25ایکڑ پر چڑیا گھر بنایا جائے گا،36کروڑ لاگت آئیگی

سرگودھامیں25ایکڑ پر چڑیا گھر بنایا جائے گا،36کروڑ لاگت آئیگی

لاہور( لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ سرگودھا میں36کروڑ روپے کی لاگت سے 25 ایکٹر رقبہ پر مشتمل جدید اور عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ چڑیاگھر کے قیام کے منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ منصوبے کا پی سی ون تیار کرکے منظوری کیلئے جمع کروادیا گیا ہے اور رواں مالی سال میں منصوبے پر کام کے آغازکیلئے 25ملین روپے کے فنڈز کا اجراء کیا جا چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے ماسٹر پلان کی تیاری کیلئے کسی کنسلٹنٹ کی خدمات نہیں لی گئیں بلکہ یہ تما م پلان محکمہ کے شعبہ پلاننگ نے خود تیار کیا ہے ۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں سرگودھا میں نئے چڑیا گھر کے قیام بارے ایک بریفنگ دوران کہی اس موقع پر ڈائریکٹر وائلڈلائف محمد نعیم بھٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹرپبلسٹی عامر مسعود ، ڈپٹی ڈائریکٹرلاہور ریجن سید ظفر الحسن،انچارج مانیٹرنگ و پلاننگ ونگ میاں حفیظ احمد کے علاوہ دیگر افسران بھی موجودتھے ۔ڈی جی جنگلی حیات نے کہا کہ یہ چڑیا گھر جانوروں اور پرندوں کو انکے قدرتی ماحول میں رکھنے کے حوالے سے دنیا بھر میں رائج اصولوں کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں سیاحوں کو تفریح کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ ڈی جی جنگلی حیات نے کہا کہ چڑیاگھر میں معذور اور خصوصی افراد کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے خصوصی انتظامات کا اہتمام کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا چڑیا گھر میں 50افراد کی گنجائش رکھنے والا ایجوکیشن سنٹر بھی بنایا جائیگا جہاں عوام میں جنگلی حیات کی اہمیت اور افادیت اجاگر کرنے کیلئے وائلڈلائف سے متعلقہ فلمیں دکھائی جائینگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چڑیا گھر میں فش ایکیوریم ، بڑے سائز کی جھیل جس میں آبی پرندوں کیلئے 2جزیرے موجود ہو ں گے بھی بنائی جائے گی ۔خالد عیاض نے کہا کہ اس چڑیاگھر میں تمام اقسام کے سانپ، چھپکلیاں و دیگر ریپٹائلز ،مقامی اور غیر ملکی طوطے بھی رکھے جائینگے ۔ ایک بڑے سائز کا قدرتی ماحول کے مطابق بندر گھر اور سمال کیٹ سیکشن بھی تعمیر کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ پوما ، بنگال ٹائیگر ، شیر ،اوریکس ، کساوری ،ایمو اور شتر مرغ کیلئے وسیع اور کشادہ انکلیو اور موٹس کی تعمیر بھی منصوبے میں شامل ہے ۔ڈی جی جنگلی حیات نے اجلاس میں بتایا کہ چڑیاگھر میں بچوں کیلئے خصوصی تفریح گاہ بھی بنائی جائیگی جس میں سلائیڈز ، میر ی گو راؤنڈ ، پلے سیٹس اور دیگر جھولے میسر ہونگے انہوں نے کہا کہ فوڈ کورٹ ، ٹک شاپس ، سو ونےئر شاپ اور گفٹ سٹال جیسی سہولیات کی فراہمی بھی منصوبے کا حصہ ہیں ۔خالد عیاض خان نے کہا چڑیاگھر میں جانوروں اور پرندوں کے علاج معالجے کیلئے جدید لیبارٹری بھی بنائی جائیگی اور انہیں معیار ی خوراک کی فراہمی اور اس کی تیاری کیلئے ایک ایریا بھی مختص کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ چڑیاگھر میں جانوروں اور سیاحوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے باؤنڈری والز پر واچ ٹاور قائم کرنے کے ساتھ ساتھ کلوز سرکٹ نائٹ ویژن کیمرے بھی نصب کئے جائینگے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1