ایریگیشن لیبر فیڈریشن کی جشن آزادی تقریب،کارکنوں کی بھرپور شرکت

ایریگیشن لیبر فیڈریشن کی جشن آزادی تقریب،کارکنوں کی بھرپور شرکت

لاہور(پ ر)آل پاکستان ایریگیشن لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام بختیار لیبر ہال لاہور میں ایریگیشن کے سینکڑوں نمائندگان اور کارکنوں نے یوم آزادی پاکستان کے لئے ایک خصوصی تقریب زیر صدارت چوہدری خوشی محمد کھوکھر صدر فیڈریشن منعقد کی جس میں ملک کے مختلف صوبوں سے فیڈریشن کے عہدیداران اور کارکنوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر بزرگ مزدور رہنماء خورشیدا حمد جنرل سیکرٹری آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن نے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔ بعد ازاں سینکڑوں کارکنوں نے چوہدری خوشی محمد کھوکھر صدر کی زیر قیادت یوم آزادی کی یاد میں ایک زبردست جلوس نکالا جو بختیار لیبر ہال لاہور سے مختلف سڑکوں سے ہوتا ہوا لکشمی چوک پہنچا جہاں ایک خصوصی ریلی منعقد کی ۔ جس میں ایک قرار داد کے ذریعے ملک کے محنت کشوں کی جانب سے آزادی پاکستان کی جدوجہد اور دفاع پاکستان کے شہیدوں ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی عظیم خدمات کو سراہا گیا اس موقعہ پر حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لئے ملک میں اسلامی مساوات اور سماجی جمہوریت کا نظام قائم کرائیں جس سے ملک میں غربت ، جہالت ، بے روز گاری ،سماج میں اونچ نیچ، جاگیرداری ،اجارہ داری ، سرمایہ دارنہ نظام کا خاتمہ ہو اور سماجی انصاف قائم ہو۔ اجلاس میں حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ ایریگیشن ملازمین کے مطالبات پورے کئے جائیں حکومت کارکنوں کے مسائل کے حل کے لئے سہ فریقی لیبر کانفرنس کا انعقاد کرے۔ کنٹریکٹ اور ورکچارجڈ اور عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے ۔ملازمین کے پے سکیلوں کا تضاد ختم کیاجائے ۔ محنت کشوں کو کام پر حادثات و پیشہ وارانہ بیماریوں سے محفوظ رکھا جائے اور صحت مند حالات کار مہیا کئے جائیں۔ اجلاس میں حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ لیبر قوانین میں آئی ایل او کنونشنوں کے مطابق ترقی پسندانہ ترامیم کرے اور محنت کشوں کی اجرتوں میں اسمبلی ارکان کی طرح اضافہ کیاجائے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1