این اے 120،یاسمین راشد کی ڈور ٹو ڈور کمپین،پمفلت تقسیم کئے

این اے 120،یاسمین راشد کی ڈور ٹو ڈور کمپین،پمفلت تقسیم کئے

لاہور( لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کی این اے 120 سے نامزد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشدنے پارٹی رہنماؤں عندلیب عباس، آجاسم شریف اوراویس یونس کے ہمراہ یوسی 68مزنگ اڈاپر ڈور ٹوڈور کمپین کی اور گھر گھر جاکر عوام میں پمفلٹ تقسیم کیے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ این اے 120کی عوام چوروں کو پہچان چکی ہے اور اس لیے ہر گلی گلی میں شور ہے شریف خاندان سارا ٹبر چور ہیں،یہاں کی عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے (ن) لیگ والے کس منہ سے لوگوں سے ووٹ مانگنے آئیں گے ، نواز شریف کی ریلی ناکام ہو گئی ہے جس کا مقصدملکی اداروں پر دباؤ ڈالنا ہے۔انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کی سرکاری ملازموں کی ریلی میں عوام نے نہ شرکت کر کے کرپشن کے گارڈ فادر نواز شریف اور انکے درباریوں کے منہ پر زوردار طمانچہ ماراہے ، نواز شریف کے لئے نکالے جانے والی ریلی میں سرکاری مشینری اور سرکاری وسائل کو استعمال کیا جا رہا ،ریلی کے تمام راستوں پر دکانوں ،تجارتی مراکز اور لاری اڈوں کا زبردستی بند کروایا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کسی غلط فہمی میں نہ رہیں پی ٹی آئی اور پاکستان کی عوام نواز شریف کے ساتھ نہیں سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔اس موقع پر مہرندیم ، سید عدنان جمیل ، عمیر نیازی ، ڈاکٹر ندیم خواجہ ، عمران چوہدری ، میاں عادل اور الیاس قریشی بھی ہمراہ تھے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1