ریلی کے باعث کاروبار تباہو گئے عوام پریشان ہیں،ناصر رمضان
لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ کے راہنما و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ پنجاب ناصر رمضان گجرنے کہا کہ جڑواں شہروں اسلام آباد، راولپنڈی میں پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل نواز شریف کی ریلی کے باعث دکانیں بند، ٹرانسپورٹ معطل ہونے سے کاروبار تباہ اور عوام پریشانی کا شکار ہیں ۔ساری عمر موٹر وے کی تعریفیں کرنے والے آج موٹر وے کی بجائے جی ٹی روڈ سے واپس اپنے گھر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب میں شریف برادریان پر16کیسوں پر رکی ہوئی انکوائریاں دوبارہ کھلنے سے رکوانے کیلئے لانگ مارچ کیا جارہا ہے تاکہ ان کی کرپشن پر پردہ ڈالا جاسکے ۔لیکن سپریم کورٹ کی جانب سے نیب کے کیسوں پر پیش رفت کیلئے جج کی تعیناتی خوش آئند ہے تاکہ یہ انکوائریاں اپنے منطقی انجام تک پہنچ سکیں اور لوٹ مار کی دولت برآمد کی جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل حکمران طبقہ اپنے اثررسوخ استعمال کرکے ان انکوائریوں کو التواء کا شکار رکھے ہوئے تھا ۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے احترام کے دعویداروں کی عدالتی فیصلہ پر احتجاجی ریلی توہین عدالت ہے اس ریلی کے ذریعے نااہل شیر کو جاتی امراء پہنچایا جائے گا تاکہ وہ باقی تمام نااہلی کی زندگی رائے ونڈ محلات میں پرسکون طور پر گذار سکے۔