پاکستانی طلباء پر مشتمل چار مختلف ٹیموں کااعزاز ، چار کانسی کے تمغے اپنے نام کرلیے

پاکستانی طلباء پر مشتمل چار مختلف ٹیموں کااعزاز ، چار کانسی کے تمغے اپنے نام ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے مشترکہ ’ٹیم(سائنس ، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ میتھمیٹکس) کیرئیرز پروگرام‘ کے تحت منتخب ہونے والے پاکستانی طلباء پر مشتمل چار مختلف ٹیموں نے برطانیہ، تھائی لینڈ،برازیل اور انڈونیشیا میں بالترتیب منعقد کردہ عالمی بیالوجی اولمپیڈ، عالمی کیمسٹری اولمپیڈ،عالمی ریاضی اولمپیڈاور عالمی فزکس اولمپیڈ میں پاکستان کی نمائندگی کر کے چار کانسی کے تمغے اور پانچ اعزازی تذکرے اپنے نام کرلیے۔عالمی بیالوجی اور عالمی کیمسٹری مقابلوں میں شرکت کرنے والی ٹیم میں چارچار ،عالمی ریاضی مقابلہ میں چھ اور عالمی فزکس مقابلہ میں پانچ طلباء شامل تھے جنہوں نے دنیا بھر سے آئے مذکورہ مضامین کے ہونہارطلباء کے ساتھ مقابلہ میں حصہ لیا۔بیالوجی مقابلہ میں محمد دانیال مشرف ،مس صفاء فاطمہ نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔

۔فزکس مقابلہ مقابلہ میں اے سی ایم ای کالج سرگودھا کے مسٹر عبیداللہ اور گورنمنٹ بوائیز ڈگری کالج لاڑکانہ کے مزمل علی شیخ نے اعزازی تذکرے اپنے نام کیے ۔کیمسٹری مقابلہ میں لائیسیم سکول کراچی کی مس ماہا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ عالمی ریاضی اولمپیڈ میں ہیڈ سٹارٹ سکول کلفٹن کراچی کے صالح آصف نے کانسی کا تمغہ حاصل کیااور لاہور گرامر سکول کے سعد اعجاز اور حسن احمد اور پاکستان انٹرنیشنل سکول جدہ کے ہارون خان نے اعزازی تذکرے حاصل کیے۔مذکورہ ٹیموں کا انتخاب ملک بھر میں سٹیم کیرئیر ز پروگرام کے تحت منعقد کردہ سکریننگ ٹیسٹ کے بعد عمل میں آیا۔ ابتدائی طور پرہر مقابلے کے لئے پچاس طلباء کا انتخاب کیا گیا ، تاہم مختلف تربیتی کیمپس کے انعقاد کے بعد حتمی طور پر دونوں مقابلوں کے لئے مذکورہ طلباء کو منتخب کیاگیا۔انٹرنیشنل اولمپیڈز کالج کے طلباء کے لئے منعقد کیے جانے والے اعلٰی عالمی مقابلوں میں سے ایک ہیں جن میں بیس سال سے کم عمر کے کالج کے طلباء دنیا بھر سے شرکت کر کے مختلف مضامین میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں۔سٹیم پروگرام ایچ ای سی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کا مشترکہ منصوبہ ہیں جس کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے ہے تاکہ وہ سائنس، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ ، اورریاضی کے مضامین میں اپناکیرئیر اختیار کریں ۔ اس پروگرام کے تحت طبعیات ، بائیولوجی، ریاضی اور کیمسٹری کے مضامین سال میں ایک دفعہ منعقد ہونے والے انٹرنیشنل اولمپیڈز کے لئے طلباء کو تیار کیاجاتاہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4