تھرڈ ڈویژن پاس طلبہ کو لاء کالجز میں داخلے برقرار رکھنے کی تمام درخواستیں خارج

تھرڈ ڈویژن پاس طلبہ کو لاء کالجز میں داخلے برقرار رکھنے کی تمام درخواستیں ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے ایف اے اور بی اے کے امتحان میں تھرڈ ڈویژن لینے والے طالب علموں کے لاء کالجز میں داخلے برقرار رکھنے کی تمام درخواستیں خارج کردیں،عدالت نے تھرڈ ڈویژن رکھنے والے طالب علموں کے داخلے خارج کر کے نجی لاء کالجز کو ان کی فیسیں واپس کرنے کا حکم دے دیاہے۔چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں قائم3رکنی فل بنچ نے تھرڈ ڈویژن طالب علموں کو لاء کالجز میں داخلہ نہ دینے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ پنجاب یونیورسٹی کے قانونی مشیرملک اویس خالد نے عدالت کو بتایاکہ جامعہ پنجاب کی پالیسی کے تحت تھرڈ ڈویژن والے طالب علموں کو لاء کالجز میں داخلہ نہیں دیا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جامعہ پنجاب کے قوانین کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا،عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پرتھرڈ ڈویژن طالب علموں کے لاء کالجز میں داخلے برقرار رکھنے کی تمام درخواستیں خارج کردیں۔

درخواستیں خارج

مزید : علاقائی