غازی آباد:دھاتی ڈور سے لپٹ کر کرنٹ لگنے سے 5بچوں کا باپ ہسپتال میں دم توڑ گیا

غازی آباد:دھاتی ڈور سے لپٹ کر کرنٹ لگنے سے 5بچوں کا باپ ہسپتال میں دم توڑ گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبرنگار) غازی آباد کے علاقہ میں 5 بچوں کا باپ کٹی پتنگ کی دھاتی ڈور سے بجلی کا کرنٹ لگنے کے باعث جھلس کر ہلاک ہو گیا۔ واقعہ پر گھر میں صف ماتم بچھ گیا۔ تفصیلات کے مطابق عثمان نگر غازی آباد کا رہائشی 35 سالہ محمد عرفان پانچ کم سن بچوں کا باپ اور پک اپ چلا کر اپنے بچوں کا پیٹ پالتا تھا۔ دو روز قبل محنت مزدوری کر کے واپس گھر آیا کہ گھر کی دوسری منزل پر چارپائی پر لیٹ کر سگریٹ پی رہا تھا کہ اچانک کٹی ہوئی پتنگ اس کے اوپر آ کر گر گئی اور دھاتی ڈور جوکہ گھر کی چھت کے قریب سے گزرنے والی بجلی کی ننگی تاروں سے گزر کر آ رہی تھی جس کے باعث بجلی کے زور دار کرنٹ نے محنت کش محمد عرفان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ محنت کش عرفان دھاتی ڈور کو ہٹانے کی کوشش کرتا رہا کہ بیوی اور بہنوں کے سامنے بجلی کے زور دار جھٹکوں کے باعث بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہو گیا۔ اسے شالیمار ہسپتال لے جایا گیا کہ دو روز زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد گزشتہ صبح زندگی کی بازی ہار گیا۔ متوفی عرفان کی موت پر گھر میں صف ماتم پچھ گیا۔ بیوہ پر غشی کے دورے پڑنے لگے جبکہ لواحقین اور اہل محلہ نے پتنگ بازی اور بجلی کی ننگی تاروں کے خلاف احتجاج کیا۔ متوفی کے والد محمد رمضان ، چچا چودھری ارشد محمود اور کونسلر میاں نے کہا کہ واقعہ پولیس اور لیسکو حکام کی مبینہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ محنت کش عرفان کی نعش نماز جنازہ کے لئے اٹھائی گئی تو متوفی کی بیوہ پر غشی کے دورے پڑیتے رہے جبکہ کم سن بچے نعش سے چمٹ چمٹ کر زاروقطار روتے رہے اور اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی جبکہ پورے علاقہ میں سوگ کا سماں تھا۔ متوفی عرفان کونماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس حوالے سے ایس پی کینٹ رانا طاہر نے بتایا کہ واقعہ پر نامعلوم پتنگ باز کے خلاف قتل کی دفعہ 302 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پتنگ باز کی گرفتاری کے لئے خفیہ طور پر سرچ ٹیموں کو ٹاسک دے دیا گیا ہے اور انشاء اللہ اگلے ایک سے دو روز تک پتنگ باز کا سراغ لگا لیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -