گردہ سکینڈل میں ملوث ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

گردہ سکینڈل میں ملوث ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام شبیر چیمہ کی عدالت میں گردہ سکینڈل میں ملوث ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر ایف آئی اے نے گزشتہ روزپیش کیا ۔ملزمان پر الزام ہے کہ وہ گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث ہیں، ملزمان پر گردوں کی غیر قانونی ٹرانسپلانٹ کا بھی الزام ہے۔ملزمان میں مرکزی ملزم ڈاکٹر فواد اور ڈاکٹر التمش کے علاوہ دیگر 7 ملزمان شامل ہیں، گرفتار ملزمان میں دو آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ بھی شامل ہیں۔

آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ آپریشن کے 30 ہزار روپے ڈاکٹر فواد سے وصول کرتے تھے جبکہ گردہ سکینڈل میں سہولت کار ملزمہ صوفیہ کو بھی پیش کیا گیا،ملزمہ ڈاکٹر فواد اور ڈاکٹر التمش کی سہولت کارتھی ۔ملزمہ صوفیہ بی بی نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیاہے۔ ملزمہ لوگوں کو گردہ دینے پر راضی کرتی تھی،ملزمہ کی اس سے پہلے درخواست ضمانت خارج بھی ہوچکی ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو دوبارہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 24 اگست کو طلب کر لیاہے۔

مزید : علاقائی