چارنئے وزراء نے حلف اٹھالیا،وفاقی کابینہ کی تعداد47ہوگئی

چارنئے وزراء نے حلف اٹھالیا،وفاقی کابینہ کی تعداد47ہوگئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وفاقی کابینہ میں چارنئے وزراء نے حلف اٹھالیا،حلف اٹھانے والوں میں دووفاقی وزرا ء اور دووزرائے مملکت شامل، کابینہ کے ارکان کی مجموعی تعداد 47 ہوگئی،دانیال عزیزکاوفاقی وزیربنائے جانے کامطالبہ منظور،نجکاری کاقلمدان دیاجائے گا، ممتاز احمد تارڑ کو انسانی حقوق کی وزارت دی جائے گی۔ جمعرات کو دانیال عزیز اور ممتاز تارڑ نے وفاقی وزیرجبکہ دوستین ڈومکی اور ایاز شاہ شیرازی نے وزرائے مملکت کا حلف اٹھایا جومختلف وجوہات کی بناء پرپہلے مرحلے میں حلف نہیں اٹھاسکے تھے۔نئے وزراء کی حلف برداری کی تقر یب ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے حلف لیااس موقع پروزیراعظم شاہدخاقان عباسی بھی موجود تھے۔ گزشتہ ہفتے شاہدخاقان عباسی کی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا تاہم وفاقی وزیرممتاز تارڑ تاخیر سے تقریب میں پہنچنے، ایاز شیرازی اور دوستین خان ڈومکی شہر سے باہر ہونے کی وجہ سے حلف نہیں اٹھا سکے تھے جبکہ دانیال عزیز نے وفاقی وزیر نہ بننے پر وزیر مملکت کا حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھا۔

وزراء حلف

مزید : صفحہ اول