عوام نواز شریف کیساتھ کھڑے ہیں،ترقی کے سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دینگے :شہباز شریف

عوام نواز شریف کیساتھ کھڑے ہیں،ترقی کے سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے اپنے قائد محمد نوازشریف کا فقیدالمثال اور تاریخی استقبال کیا ہے اور عوام کی والہانہ محبت ہی محمد نوازشریف کا قیمتی اثاثہ ہے کیونکہ محمد نوازشریف اور پاکستانی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ تاریخی استقبال اس بات کا بین ثبوت ہے کہ محمد نوازشریف پاکستان کے مقبول ترین لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی ہردلعزیز جماعت ہے۔ عوام نے محمد نوازشریف کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا والہانہ انداز سے اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے عوام کل بھی محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑے تھے اور آج بھی ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کام کیا ہے۔ عوام جھوٹ کی سیاست سے نفرت جبکہ سچی و مخلص قیادت سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عوام نے قدم قدم پر محمد نوازشریف سے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے اور پرتپاک استقبال سے عوام کی اپنے قائد سے محبت عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنایا اور ان کے دور میں ملک کی تیز رفتار ترقی کے لئے کئی پراجیکٹ مکمل کئے گئے ہیں اور اربوں کھربوں روپے کے منصوبوں میں کوئی بھی ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔ محمد نواز شریف اپنے عوام دوست اقدامات کے باعث عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور انہوں نے ملک بھر میں موٹرویز سمیت بڑے پراجیکٹ دیئے جنہیں ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے ۔محمد نوازشریف کی قیادت میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔ محمد نوازشریف نے محنت، دیانت اور ہمت سے ملک کی ترقی کیلئے کام کیا۔ محمدنواز شریف عوام کی والہانہ محبت اور اعتماد کی وجہ سے 3 بار وزیراعظم بنے اور محمد نوازشریف نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جو تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں، قوم اسے ہمیشہ یاد رکھے گی۔ شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ،جس میں پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے تقریبات اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کے لئے برصغیر کے مسلمانو ں نے خون کی ندیاں عبور کیں اورایک آزاد مملکت کے حصول کے لئے قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی قیادت میں تمام مسلمان ایک پلیٹ فارم پر یکجا تھے۔انہوں نے کہاکہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور زندہ قومیں اپنا یوم آزادی بھرپور طریقے سے مناتی ہیں،اس لئے یوم آزادی کی 70سالہ تقریبات کو بھرپور انداز سے منایا جائے گااورتحریک پاکستان کے ہیروز کو زبردست طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یوم آزادی کی 70ویں سالگرہ ایک بہت بڑاموقع ہے اوراس موقع پر ہمیں جائزہ لینا ہوگا کہ 70سال میں ہم نے کیا کھویا اور کیاپایا؟یہ وقت وطن کو لوٹانے کاہے۔تحریک پاکستان کی جدوجہد ہمارے بزرگوں کی محنت سے عبارت ہے ۔آج بھی وطن ہم سے محنت اور صرف محنت کا تقاضا کر رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے ہر فرد کو اپنی اپنی جگہ محنت سے کام کرنا ہوگا۔وزیراعلی نے کہاکہ یوم آزادی کی تقریبات کے ساتھ عمارتوں کو منفرد انداز سے روشن کیا جائے گا۔ وزیراعلی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یونین کونسلز سے لیکر صوبے کی سطح تک تقریبات کا انعقاد جاری ہے ۔صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، منشا اللہ بٹ،جہانگیر خانزادہ ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ڈی جی لاہور والڈ سٹی اتھارٹی، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزاور اعلی حکا م نے اجلاس میں شرکت کی۔

شہباز شریف

 

مزید : صفحہ اول