جرمنی کے دفاعی اخراجات میں اضافہ، انتخابات سے پہلے سیاستدان منقسم
برلن(این این آئی)جرمنی کے دفاعی اخراجات میں اضافے پر سیاستدان منقسم ہوگئے،جرمنی میں اگلے ماہ پارلیمانی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور عسکری اخراجات میں اضافے پر بحث انتخابی مہم کا ایک اہم موضوع بن گیا ہے۔ رواں برس حکومت دفاع پر 37 ارب یورو خرچ کرے گی، جو مجموعی قومی پیداوار کا 1.26 فیصد بنتا ہے۔ اسے دو فیصد تک کرنے کے لیے عسکری اخراجات کو 2024ء تک ستر ارب یورو تک بڑھانا ہو گا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) کے چانسلر شپ کے امیدوار مارٹن شْلز اتنے بڑے پیمانے پر کیے جانے والے اضافے کے خلاف ہیں۔ شلز نے اس ہدف کو غیر حقیقی اور غلط قرار دیا۔
انہوں نے اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح جرمنی یورپ میں سب سے بڑی عسکری قوت بن جائے گا اور وہ اس کے حق میں نہیں ہیں۔ اسی طرح ایس پی ڈی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر خارجہ زیگمار گابریئل نے اسے پاگل پن سے تعبیر کیا ہے۔ ان کے بقول یہ رقم تعلیم پر خرچ کی جانی چاہیے۔