قطری ایئرلائن کو فضائی حدود استعمال کی اجا زت نہیں دی : سعودی عرب

قطری ایئرلائن کو فضائی حدود استعمال کی اجا زت نہیں دی : سعودی عرب

جدہ (آن لائن)سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ قطر کے سفارتی بائیکاٹ اور سفری پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد قطر کی سرکاری فضائی کمپنی کو سعوی عرب کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعوی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری حکومت قطر کے بائیکاٹ کے فیصلے پر قائم ہے۔ سعودی عرب نے قطر کی رجسٹرڈ فضائی کمپنیوں کو سعودی عرب کی فضا اور ہوائی اڈوں کو استعمال کرنے سے سختی سے روک رکھا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض ذرائع ابلاغ میں آنے والی اطلاعات جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بائیکاٹ کے باوجود قطری فضائی کمپنی کے مسافربردار جہاز سعودی اور دوسرے بائیکاٹ کرنے والے ملکوں کی فضائی حدود استعمال کررہے ہیں، قطعی بے بنیاد ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ذرائع ابلاغ میں قطری ہوائی جہازوں کی سعودی عرب میں دکھائی گئی تصاویر جعلی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔سعودی حکام نے باور کرایا ہے کہ جب سے چار عرب ممالک نے قطر کا سفارتی بائیکاٹ شروع کیا ہے، اس کے بعد قطر کی کسی سرکاری کمپنی کے ہوائی جہازوں کو ان ملکوں کی فضائی حدود استعمال نہیں کرنے دی گئیں ہیں۔ یہ اقدام عالمی سلامتی کے اصولوں اور مسافروں کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر نے جون میں قطر پر دہشت گردی کی پشت پناہی اور مالی معاونت کے ساتھ ساتھ عرب ملکوں میں عدم استحکام پیدا کرنے کا الزام عاید کیا تھا۔ اس الزام کے بعد ان ملکوں نے قطر کا سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ گذشتہ روز بعض ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں آئی تھیں کہ قطر کی فضائی کمپنیوں کے بعض جہاز سعوی عرب کی فضائی حدود کو استعمال کررہے ہیں۔

مزید : عالمی منظر