ن لیگ خواتین ونگ نے اپنے قائدکے تاریخی استقبال کی تیاریاں مکمل کرلیں
لاہور(دیبا مرزا سے ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خواتین ونگ نے بھی اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کا تاریخی استقبال کرنے کے لئے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس سلسلے میں اجلاس منعقد کرکے پارٹی کی خواتین ورکرز کو ان کی ڈیوٹیاں بھی سونپ دی گئی ہیں، خواتین بھی مرد کارکنوں کے شانہ بشانہ لاہور کے داخلی راستے شاہدرہ میں میاں نواز شریف کا استقبال کریں گی ،اس کے علاوہ مختلف مقامات پر اور پیر مکی دربار سے لیکر داتا دربار تک بھی خواتین اپنے استقبالی کیمپ لگائیں گی۔ اس حوالے سے لیگی خواتین نے پارٹی پر چموں جیسے خصوصی لباس بھی زیب تن کرنے کی تیاریاں کی ہیں اور میاں محمد نواز شریف کے پورٹریٹ اٹھا کر ان کا بھرپور انداز سے خیرمقدم کرنے کی بھی تیاری کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ابھی لاہور میں خواتین کی جانب سے کوئی استقبالیہ کیمپ توقائم نہیں کئے گئے لیکن کیمپوں کے لئے مختلف مقامات کا انتخاب کر لیا گیا ہے اور باقاعدہ کیمپ اس وقت لگا ئے جائیں گے جب میاں محمد نواز شریف کے لاہور پہنچنے کے حوالے سے وقت کا اعلان کردیا جائے گا ۔لیگی خواتین رہنماؤں کے مطابق یونین کونسل لیول کی خواتین اپنی الگ ریلیاں لیکر آئیں گی جبکہ مخصوص نشستوں کی خواتین ارکان اسمبلی اپنی الگ ریلیاں لیکر آئیں گی اور اسی طرح سے شعبہ خواتین کی عہدیدار بھی اپنے اپنے جلوس لیکر داتا دربار اور شاہدرہ پوائنٹ پر جائیں گی۔مدیحہ رانا‘ فرزانہ بٹ‘ نسرین نواز ‘ ڈاکٹر فرزانہ نذیر‘ زاہدہ اظہر‘ بی بی وڈیری ‘ نگہت اظہار‘ شمع گورائیہ ‘ نبیلہ یاسمین‘ نسیم بانو نے کہا ہے کہ خواتین کسی سے پیچھے نہیں رہیں گی قائد کی جھلک دیکھنے کے لئے خواتین بے تاب ہیں، قائد کے استقبال کے لئے آنے والے عوام کے جم غفیر کو دیکھ کر مخالفین کے ہوش اڑ گئے ہیں لیگی خواتین اپنے قائد کا جس طرح سے تاریخی استقبال کریں گی اس کا ذکر بھی میڈیا اور تاریخ میں سنہرے حروف کے ساتھ لکھا جائے گا۔ دریں اثناء شائستہ پرویز ملک نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو لائیں تاکہ قائد کا استقبال ان کی شایان شان کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے میاں نواز شریف کی نا اہلی کو مسترد کردیا ہے میاں نوازشریف اب بھی عوام کے دلوں پر راج کررہے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے (ن) لیگ کل بھی ملک کی بڑی سیاسی جماعت تھی اور آئندہ بھی یہی جماعت عوام کی خدمت کے لئے نواز شریف کو منتخب کرے گی۔