نواز شریف عوام عدالت سے بری مستقبل میں حق حاکمیت کی اجازت نہیں دینگے : مسلم لیگ (ن)

نواز شریف عوام عدالت سے بری مستقبل میں حق حاکمیت کی اجازت نہیں دینگے : مسلم ...

راولپنڈی(اے این این ) مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف عوامی عدالت سے بری ہوگئے،ان کا سفر ووٹ کے تقدس کیلئے ہے، آئندہ وزیر اعظم کسی بھی جماعت کا ہو مدت پوری کرائیں گے، حق حاکمیت چھیننے کی اجازت نہیں دی جائے گی،سابق وزیر اعظم کے فقیدالمثال استقبال نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دیں ،وہ پریشان ہیں کہ لوگوں کا سمندر کہاں سے نکل آیا۔راولپنڈی میں پنجاب ہاؤس کے باہر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیٹرآصف کرمانی نے کہا ہے عوام کی عدالت نے نوازشریف کو تمام الزامات سے باعزت بری کردیا ۔ انہوں نے کہ نوازشریف عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں جبکہ نوازشریف کے فقیدالمثال استقبال سے سیاسی مخالفین کی نیندیں اڑچکی ہیں۔زعیم قادری نے کہا ہے کہ مخالفین سیاست کر رہے ہیں جبکہ نواز شریف کا سفر ووٹ کے تقدس کیلئے ہے۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کے عوام نے نوازشریف کیساتھ محبت کا اظہار کیا اورکامیاب سفر جمہوریت پر راولپنڈی کے عوام کو سلام عقیدت پیش کرتاہوں ۔انہوں نے کہا کہ عوام آئین اور نواز شریف کا ساتھ دیں جبکہ مخالفین سے کہتا ہوں آؤ تم بھی اس قافلے میں شامل ہوجاؤ۔ مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین حیران اور پریشان ہیں کہ انسانوں کا سمندر کہاں سے نکلا؟۔مسلم لیگ ن خیبرپختوانخوا کے صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ کارکنوں کا جینا مرنا نواز شریف کے ساتھ ہیں۔

مسلم لیگ(ن)

مزید : کراچی صفحہ اول