سی پیک منصوبوں کے ثمرات پاکستان کو ملنا شروع ہو گئے،راجہ ظفر الحق

 سی پیک منصوبوں کے ثمرات پاکستان کو ملنا شروع ہو گئے،راجہ ظفر الحق

اسلام آباد(آن لائن)قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے اشتراکی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور خاص طور پر پچھلے چند برسوں میں تجارت و سرمایہ کاری کوباہمی تعلقات میں نمایاں حیثیت رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار قائد ایوان سینیٹ نے ادارہ برائے پالیسی سٹڈیز کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات ہیں اور پاکستان چین کے ساتھ خصوصی برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہیں ۔ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ دونوں ممالک کی دوستی اور بھائی چارے کا منہ بولتا ثبوت ہے جس سے نہ صرف پاکستان کی عوام بلکہ ملک بھی خوشحالی کی طرف گامزن ہوگا۔ انہوں نے سی پیک منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کے مابین صرف تجارتی راستہ ہی نہیں بلکہ اسے خصوصی اہمیت حاصل ہے ۔اقتصادی راہداری کے منصوبوں کے ثمرات پاکستان کو ملنا شروع ہو گئے ہیں اور پاکستان میں بجلی کی کمی پرقابو پایا جا رہا ہے ۔ اقتصادی راہداری کے منصوبے سے پاکستان کے پسماندہ علاقوں کو بڑے شہروں سے ملا کر پسماندگی دور کرنے میں خاصی مد د ملے گی ۔ راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ پاک چین تعاون ملکی و بین الاقوامی چیلنجز کو حل کرنے میں مفید ثابت ہوگااور وہ دن دور نہیں جب ہم دوست ملک چین کے تعاون سے پاکستان کے بڑے مسائل جن میں بجلی ، معاشی ترقی ، علاقائی سلامتی کے مسائل حل ہو جائیں گے ۔ راجہ محمد ظفرالحق نے حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے چین کی حکومت اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ۔ سیمینار سے چین کے سفیر نے بھی خطاب کرتے ہوئے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات و جذبات بارے تفصیلی آگاہ کیا ۔

مزید : کراچی صفحہ اول