عمران نیازی نئی نسل تباہ نہ کریں خود کو برطانوی غلامی سے نکالیں :گلالئی

عمران نیازی نئی نسل تباہ نہ کریں خود کو برطانوی غلامی سے نکالیں :گلالئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )عائشہ گلالئی نے کہاہے برطانوی غلامی سے نکلے ہوئے کئی دہائیاں ہوگئی ہیں لیکن آج بھی ایک سیاسی پارٹی کے چیئرمین عمران خان نیازی خود کو برطانوی ذہنی غلامی سے نہیں نکال پائے ہیں ،آج بھی وہ ہر جگہ وہاں کی مثالیں دیتے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والی عائشہ گلالئی نے اپنے جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں پاکستانیوں کو 70ویںیوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے ہم سب کو پتہ ہے بیس لاکھ مسلمانوں کی قربانی سے آزاد اور خود مختار پاکستان ملا لیکن افسوس کیساتھ کہنا چاہوں گی کہ آج بھی عمران خان نیازی خود کو برطانوی ذہنی غلامی سے نہیں نکال پائے ، میں ان سے کہنا چاہتی ہوں برائے مہربانی آپ خود اگر ذہنی غلامی کا شکار ہیں تو پاکستان کی نوجوان نسل جو انتہائی باصلاحیت ہے اور پاکستان کا مستقبل ہے انہیں اس غلامی میں مبتلا نہ کریں۔عائشہ گلالئی کا کہناتھا تحقیقا ت کیلئے بنی پارلیمانی کمیٹی کاپہلے عمران خان نے خیر مقدم کیاپھر پیچھے ہٹ گئے اور اب نیا موقف اختیار کیا ہے کہ تحقیقات کیلئے بر طا نوی طرز کا کمیشن بننا چاہیے لیکن میں ان سے کہنا چاہتی ہوں یہ پارلیمنٹ ہمارے ملک کا ادارہ ہے ،برطانیہ کی اپنی روایات اور اپنا قانون ہے اورپاکستان کا اپنا قانون و آئین ہے یہاں کے فیصلے اسی کے مطابق ہوں گے جس پر مجھے اعتماد ہے۔

عائشہ گلا لئی

مزید : کراچی صفحہ اول