کراچی ، پولیس کارروائی ، این ڈٖی ایس کے کارندے سمیت 15ملزمان گرفتار

کراچی ، پولیس کارروائی ، این ڈٖی ایس کے کارندے سمیت 15ملزمان گرفتار

کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کارندے ،ایم کیو ایم (لندن)کے ٹارگٹ کلرز سنگین جرائم میں ملوث 15ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے ۔یہ بات ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بلوچ نے جمعرات کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ محمود آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم گل الدین کو گرفتار کیا ،جس کے دروان تفتیش انکشاف کیا کہ وہ افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے لیے کام کرتا ہے اور افغان باشندوں کو غیر قانونی طریقے سے پاکستان لاتا ہے ۔ملزم ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہے جس سے دو عدد نقشے برآمد ہوئے جس میں پاکستان کے دو صوبوں بلوچستان اور کے پی کے کو افغانستان کا حصہ دکھا گیا ہے ۔دوسرے نقشے میں ضلع ویسٹ میں ہونے والے تبلیغی اجتماع سے متعلق ہے ۔ملزم کی افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے عملے کے ساتھ تصاویر بھی برآمد ہوئی ہیں ۔عرفان بلوچ نے بتایا کہ بریگیڈ پولیس نے ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر وقار عرف چھوٹو ولد منور خان کو گرفتار کرلیا ۔ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 2014میں کلیم اللہ میمن نامی شخص کو قتل کیا تھا ،ملزم کی نشاندہی پر اس کے دیگر ساتھی اکبر رضا ولد رضا علی بیگ اور مہرین کو بھی گرفتار کرلیا ۔ملزم عرفان نے انکشاف کیا کہ اس نے تھانہ اقبال مارکیٹ کی حدود میں کئی افراد کو قتل کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیروز آباد اور گلشن اقبال پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران اسٹریٹ کرائم میں ملوث 9ملزمان وسیم احمد ولد شمس الدین ،وقار احمد ولد بشیر احمد ،محمد فیضان ولد نور الدین ،طارق سجاد ولد عبدالخالق ،محمد ندیم ولد نصیر احمد ،محمد خالق ولد محمد عنایت ،باسط ولد محمد ابراہیم ،محمد ادریس ولد محمد سلیم اور محمد نبیل ولد کمال الدین کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان نے دروان تفتیش اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔ملزمان کے قبضے سے جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔تمام ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں اہم انکشافات ہونے کی توقع ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول