بیرون ممالک کے مطالعاتی دوروں سے ایم پی ایز کے استعداد کار میں نکھار پیدا ہوا : اسد قیصر

بیرون ممالک کے مطالعاتی دوروں سے ایم پی ایز کے استعداد کار میں نکھار پیدا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ بیرونی ممالک کے مطالعاتی دوروں کے باعث ممبران صوبائی اسمبلی کی استعداد کار میں مزید نکھار پیداہوا ۔یہی وجہ ہے کہ مذکورہ ممبران اسمبلی نے صوبائی اسمبلی میں قانون سازی کے عمل میں قابل ذکر اور مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔سپیکر نے اس ضمن میں برٹش کونسل کے تعاون کو قابل ستائش قراردیا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سپیکر ہاؤس پشاور میں برٹش کونسل کی کنٹری ڈائریکٹر روزمیری ہلہوسٹ کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔سپیکر نے مذکورہ وفد کو بتایا کہ برٹش کونسل کے تعاؤن سے خیبر پختونخوا اسمبلی میں ممبران اسمبلی اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے سٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ایک پروگرام کا اجراء کیاجارہا ہے اور امید ہے کہ مذکورہ پروگرام اپنی افادیت کے پیش نظر آئندہ حکومت میں بھی جاری رہے گا۔سپیکر نے کہا کہ ممبران اسمبلی اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے بیرون ممالک مطالعاتی دوروں کے باعث صوبائی اسمبلی میں قانون سازی کے عمل میں ممبران اسمبلی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور قانون سازی کے عمل میں بہتری آنے کے ساتھ ساتھ سٹینڈنگ کمیٹیوں کی کارکردگی میں پہلے سے زیادہ بہتری کے آثار نمودار ہوئے ۔سپیکر نے اس موقع پر بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کی بہم رسائی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے انہوں نے وفد کو بتایا کہ مورخہ 27اگست 2017کوچیئر مین تحریک انصاف عمران خان کی معیت میں ضلع صوابی میں ایک چھوٹے سے ایجوکیشن سٹی کا افتتاح کیا جائے گا۔ جبکہ رواں سال ستمبر میں پاکستان ایئر فورس کے تعاؤن سے ضلع صوابی میں ایجوکیشن وہیلتھ سٹی کے قیام کا افتتاح کرنے کا پروگرام ہے ۔مذکورہ پراجیکٹس کی تکمیل سے ضلع صوابی میں تعلیم اورصحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ سٹریٹ چلڈرن کو تعلیم وتربیت سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے پشاور میں ''زمونگ کور"کے نام سے ادارہ قائم کیا گیا ہے جہاں سٹریٹ چلڈرن کو سٹیٹ چلڈرن کی حیثیت دے کر تعلیم وصحت سمیت زندگی کے تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔برٹش کونسل کے وفد نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو بے حد سراہا او ر اپنے ہر ممکن تعاؤن کی یقین دھانی کروائی ۔بعد ازاں سپیکر اسدقیصرنے وفد کے اراکین کو صوبائی اسمبلی کے سوونیئر دیئے ۔