بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے پر کام جلد شروع کرنے کیلئے ٹینڈر کھول دیئے گئے ہیں : ملک شاہ محمد وزیر
پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر کی موجودگی میں جمعرات کے روز پشاور میں میڈیا کے سامنے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے (BRT ) کی تعمیر کیلئے مختلف کمپنیوں کے ٹینڈرز کھولے گئے ۔ جس میں مختلف ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا داؤد خان، محکمہ پی اینڈ ڈی، سی اینڈ ڈبلیو، پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ، محکمہ خزانہ اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندوں نے شرکت کی۔منصوبے کے بارے میں معاؤں خصوصی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ BRT صوبے کا سب سے بڑا میگا پراجیکٹ ہے جس پر اسی مہینے کام جلد از جلد شروع کیا جائیگا اور اسے 6 مہینے کی ریکارڈ مختصر مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتنی مختصر مدت میں اتنا بڑا منصوبہ مکمل کرنا صوبائی حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اس لئے مقررہ مدت کے اندر اندراس منصوبے کو صوبے کے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت آج سے تین سال قبل یہ منصوبہ شروع کرنا چاہتی تھی لیکن مرکزی حکومت نے ریلوے پاکستان کی زمین دینے سے انکار کرتے ہوے صوبائی حکومت کا قیمتی وقت ضائع کر دیا۔ ملک شاہ محمد وزیر نے کہا کہ فنڈز کی منظوری کیلئے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کی گئی ہے جو تمام ٹینڈرز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد حتمی سفارشات جاری کرے گی جو ہر لحاظ سے مطلوبہ معیار پر پوری ہونگی اور منصوبے کی تعمیر کے لئے کمپنی کا حالصتاً میرٹ کی بنیاد پر انتخاب کیا جائیگا۔