چارسدہ میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے 6امیدواروں کا اعلان

چارسدہ میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے 6امیدواروں کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چارسدہ (بیورو رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام نے چارسدہ کے دو قومی اور چھ صوبائی اسمبلی کے نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کر دیا ۔ایم این اے مولانا سید گوہر شاہ اور ایم پی اے فضل شکور خان آوٹ ۔ مولانا محمد ادریس ،حاجی ظفر علی خان، مولانا پیر مفتی گوہر علی شاہ ، مولانا محمد ہاشم خان کے نام شامل ۔تفصیلات کے مطابق آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کے نامزدگی کیلئے جمعیت علمائے اسلام ضلع چارسدہ کے کابینہ کا اجلاس زیر صدار ت ضلعی امیر مولانا محمد ہاشم خان منعقد ہوا۔ اجلاس میں خفیہ رائے دہی کے ذریعے چارسدہ سے دو قومی اور چھ صوبائی اسمبلی کے نشستوں پر تین تین امید واروں کا چناؤ کیا گیا ۔ اس حوالے سے جے یوآئی کے ضلعی امیر مولانا محمد ہاشم خان نے میڈیا کو بتایا کہ مقررہ تاریخ تک پارٹی ٹکٹ کیلئے جن امید واروں نے کاعذات نامزدگی جمع کئے تھے ان کے ناموں پر غور کیا گیا اور قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلی کے چھ حلقوں کیلئے موزون امیدواروں کی پہلی ، دوسری اور تیسری ترجیح کیلئے خفیہ رائے دہی کے ذریعے کابینہ کے ممبران نے اپنی رائے ظاہر کی ۔ ضلعی تنظیم امیدواروں کی فہرست اور ترجیح صوبائی تنظیم کو حوالے کریگی اور امیدواروں کی ختمی چناؤ کا اختیار صوبائی اور مرکز ی قیادت کریگی ۔ دوسری طرف باوثوق ذرائع کے مطابق آئندہ عام انتخابات کیلئے چارسدہ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ترجیحی امید واروں میں مولانا محمد ادریس ،حاجی ظفر علی خان ، مولانا پیر مفتی گوہر علی شاہ ، مولانا محمد ہاشم خان، ، مولانا مثمر شاہ ، ڈاکٹر الہی جان ، مولانا محمد طیب ، مفتی طاہر اللہ ، اشفاق خان ،ثناء اللہ دانش، مولانا کمال شاہ ، حاجی یوسف مہمند، سید کمال شاہ ،شاہد علی، مولانا عبدالرؤف شاکر اور مولانا اظہار الحق کے نام شامل ہیں۔ تاہم ترجیحی امید واروں کے ناموں کے حوالے سے ضلعی امیر مولانا محمد ہاشم خان نے بار بار پوچھنے کے باوجود کوئی جواب نہ دیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ اور ایم پی اے فضل شکور خان کے نام ترجیحی فہرست میں شامل نہیں کئے گئے ۔ اس حوالے سے ذرائع کے مطابق مولانا گوہر شاہ اور فضل شکور خان نے ٹکٹ کیلئے ضلعی تنظیم کو درخواست نہیں دی