گلوبل ایکسچینج پروگرام، 96 پاکستانی طلباء کی امریکہ آمد

گلوبل ایکسچینج پروگرام، 96 پاکستانی طلباء کی امریکہ آمد
گلوبل ایکسچینج پروگرام، 96 پاکستانی طلباء کی امریکہ آمد

  

واشنگٹن (این این آئی)گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچنج پروگرام کے تحت امریکہ کے تعلیمی اداروں میں تعلیم کے حصول کے لئے 96 پاکستانی طلباء و طالبات کا ایک گروپ واشنگٹن پہنچا ہے۔ یہ طلباء انجنیئرنگ، بزنس ایجوکیشن، طب اور سماجی علوم میں امریکی تجربات سے استفادہ کریں گے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستان کے تمام صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور فاٹا کے دور دراز علاقوں کے ان طلباء کو اپنا ایک سمسٹر امریکی تعلیمی اداروں میں مکمل کرنا ہے۔ اس دوران ہر طالب علم کسی نہ کسی امریکی خاندان کے ساتھ رہائش رکھے گا، تاکہ وہ امریکی زبان، ثقافت اور رہن سہن سے واقف ہوسکیں اور دونوں ممالک کے درمیان عوام کی سطح پر ثقافتی تبادلے ممکن ہوں۔

طلباء کے گروپ میں شامل ایک طالب علم، سلمان چھڈا والا نے بتایا کہ وہ پاکستان گلوبل ایکسچنج پروگرام کے تحت امریکہ آئے ہیں اور ایک سمسٹر یہاں پڑھیں گے اور نہ صرف تعلیمی بلکہ ثقافتی تبادلوں میں بھی حصہ لیں گے۔امریکہ محکمہ خارجہ کی سنیئر پروگرام ڈائریکٹر ٹریسا ماسٹرنگلو نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اس گلوبل ایکسچنج پروگرام کا آغاز 2010 میں ہوا تھا، جس میں اب تک کوئی 1300 سے زائد پاکستانی طلباء اس پروگرام سے استفادہ کرتے ہوئے امریکی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرچکے ہیں ۔یہ طلباء پاکستان واپس جا کر اپنے اپنے تجربے سے دیگر طلباء کے لئے سود مند ثابت ہو رہے ہیں۔

مزید : بین الاقوامی