جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ دی جائے،16اگست کو مال روڈپر عوامی تحریک کی خواتین دھرنا دیں گی: طاہر القادری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے حکمران قتل کرنے والے ہیں، ماڈل ٹاﺅن میں شہید ہونے والی بچیاں انصاف کی منتظر ہیں، حکمران قتل کرنے والے ہیں ان سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے، جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے، عوامی تحریک کی خواتین سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے انصاف کی خاطر16اگست کو مال روڈ پر دھرنا دیں گی۔
نواز شریف کے پروٹوکول کی گاڑی نے نوجوان کچل ڈالا
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے16اگست کو مال روڈ پر خواتین کے دھرنے کا اعلان کردیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاﺅن میں جو بچیاں شہید ہوئیں وہ شہادت سے قبل لبیک یا رسول ﷺ اور لبیک یا حسین کے نعرے بلند کر رہی تھیں مگر پنجاب حکومت نے انہیں گولیوں سے بھون ڈالا، شہداءکے ورثا تین سالوں سے انصاف کے منتظر ہیں مگر انہیں انصاف نہیں دیا گیا۔ آئین پاکستان ہمیں معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ سے اپیل ہے کہ وہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کے رپورٹ کو شائع کرائیں، گجرات میں معصوم بچے کو شہید کردیا گیا مگر کسی نے رک کر پوچھنا بھی گوارہ نہیں کیا، بے حس لوگوں کی سیکورٹی معصوم بچے کو شہید کرکے چلی گئی مگرکسی نے اس کے ورثا سے اظہار افسوس بھی کیا۔خواتین کے دھرنے کے دوران جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا جبکہ عید کے فوری بعد سپریم کورٹ میں جاکر فیصلہ لیں گے۔