جامعہ کراچی میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب، کرکٹر اسد شفیق اور جنید جمشید کے فرزندوں کی شرکت، 1ہزار پاﺅنڈ وزنی کیک کاٹا گیا

جامعہ کراچی میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب، کرکٹر اسد شفیق اور جنید جمشید کے ...
جامعہ کراچی میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب، کرکٹر اسد شفیق اور جنید جمشید کے فرزندوں کی شرکت، 1ہزار پاﺅنڈ وزنی کیک کاٹا گیا

  

کراچی( ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام جامعہ کراچی میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں معروف پاکستانی کرکٹر اسد شفیق اور جنید جمشید شہید کے بیٹوں تیمور اور بابر نے شرکت کی، اس موقع پر طلبہ وطالبات نے 1ہزار پاﺅنڈ وزنی کیک کاٹا جبکہ 15سو میڑ طویل قومی پرچم سروں پر اٹھا کر آزادی مارچ کی، تقاریب میں اعلیٰ تعلیمی کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو ” روشن پاکستان“ ایوارڈز بھی دئیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام جامعہ کراچی سمیت مختلف جامعات میں جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے کیک ڈے کا اہتمام کیا گیا ۔کیک ڈے کی تقریبات میں معروف پاکستانی کرکٹر اسد شفیق ،رومان رئیس اورتیمور جنید جمشید ،بابر جنید جمشید،معروف کامیڈین نادر علی،اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حمزہ محمد صدیقی، کیمپس سیکورٹی ایڈوائز ڈاکٹر محمد زبیر، ڈین آف فیکلٹیز، نگران پروفیشنل زون عمر احمد خان ،صدر شعبہ جات اور سینکڑوں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پرطلبہ و طالبات نے یک زباں ہوکرقومی ترانہ پڑھا۔ کیک ڈے کی دوران جامعہ کراچی میں1ہزار پاﺅنڈ، جامعہ این ای ڈی میں 700پاﺅنڈجبکہ دواﺅ یونیورسٹی میں 500پاﺅنڈوزنی کیک کاٹا گیا۔جامعہ این ای ڈی کی تقریب میں مرحوم جنید جمشید کے بیٹے تیمور جنید جمشید ،بابر جنید جمشید نے ملی نغمہ پڑھ کر طلبہ کالہو گرمایا۔ اس موقع پر کیمپس سیکورٹی ایڈوائز ڈاکٹر محمد زبیرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک پاکستان کو ہم نے بڑی قربانیوں سے حاصل کیا ہے۔ اس کے استحکام کے لئے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنی ہونگی۔ پاکستان ایک نظریہ کی بنیاد پروجود میں آیااور لاکھوں افراد نے قربانیاں دیں۔ پاکستان کی امیدوں کا مرکز نوجوان ہیں۔ ڈاکٹر محمد زبیر نے کہا کہ جشن آزادی کی اس تقریب کے موقع پر جامعہ کراچی کے با شعور طلباءکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔پورے پاکستان کی نظریں آپ نوجوانوں پر ہی ہیں۔

کیک ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز اسد شفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کی امید اس کے جوان ہیں ، اس دیس کے جوانوں نے وطن کی مٹی کو اپنے خون ، پسینے اور محنتوں سے ایک گلستان بنا دیا ہے ۔ نوجوان پاکستان کی تعمیر اور ترقی کے لئے کردار ادا کریں گے تو ہی اس وطن کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حمزہ محمد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نے کہا طلباءملک کی سلامتی کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ یہ ملک ہمارے آباﺅ اجداد نے بڑی قربانیوں سے حاصل کیا ہے۔ ہمیں اس موقع پر ان مسلمانوں کو یاد رکھنا چائیے جو آزادی کی اس نعمت سے محروم ہیں۔14 اگست کا دن اللہ تعالیٰ کے طرف سے ہمارے لیے انعام ہے۔ ان شہداءکا احسان ہے جو لاکھوں کے تعداد میں اس وطن کے لئے شہید کر دئےے گئے۔ اس وطن کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے تاکہ ہم اس وطن کو صحیح معنوں میں قائداعظمؒ کا پاکستان بنا سکیں۔

مزید : کراچی