سی ڈی اے ای الیون سیکٹر کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے،اسلام آبادچیمبر

سی ڈی اے ای الیون سیکٹر کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے،اسلام آبادچیمبر

اسلام آباد (این این آئی)ٹریڈرز ویلفیئرایسوسی ایشن سیکٹر ای الیون اسلام آباد کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے اویس شیخ کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید، سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا کے ساتھ ای الیون کی تاجر برادری کو درپیش مسائل کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ ای الیون سیکٹر اسلام آباد کے نئے سیکٹروں میں شمار ہوتا ہے لیکن سی ڈی اے کی عدم توجہ کی وجہ سے متعدد مسائل کا شکار ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ اس سیکٹر کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ ای الیون میں پارکنگ کی بہتر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے تاجر برادری اور گاہکوں کو گاڑیاں پارک کرنے میں مشکلات درپیش ہیں لہذا سی ڈی اے اس سیکٹر میں پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ای الیون کی تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرانے میں ایسوسی ایشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ اسلام آباد میں نان کنفارمنگ استعمال کے خلاف سی ڈی اے کے آپریشن کی وجہ سے بہت سے کاروباری ادارے ای الیون کی طرف منتقل ہو گئے ہیں تاہم بہتر ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے ان کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لہذا سی ڈی اے کو چاہیے کہ وہ ای الیون میں ترقیاتی کاموں کا جلد آغاز کرے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ای الیون کے صدر اویس شیخ نے کہا کہ ای الیون میں تجاوزات میں اضافے کی وجہ سے تاجر بردری کو مشکلات کا سامنا ہے اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ لہذا انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے اس مسئلے کی طرف فوری توجہ دے اور اس کے حل کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ای الیون میں عوام ک سہولیت کیلئے پبلک باتھ رومز کی اشد ضرورت ہے جبکہ سیوریج کے نظام کو بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای الیون میں بجلی کا ایک ہی ٹرانسفارمر ہے جس وجہ سے بجلی اکثر خراب ہو جاتی ہے لہذا آئیسکو علاقے میں بجلی کے مزید ٹرانسفارمر مہیا کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرانے کی کوششوں میں ای الیون کی مارکیٹ ایسوسی ایشن چیمبر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، اجمل بلوچ، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ ای الیون سیکٹر کے مسائل کو جلد حل کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے۔

مزید : کامرس