فیصل آبادمیں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہیں کھل گئیں
فیصل آباد (بیورورپورٹ) ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کو سپیشل اکنامک زون قرار دے کر فیصل آباد میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہیں کھول دی گئی ہیں جبکہ چینی سرمایہ کاری کے بعد چینی صنعتوں کی منتقلی کا عمل بھی بہت جلد شروع ہو جائے گا۔ یہ بات پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے ڈائریکٹرپراجیکٹس اینڈ پالیسی ریسرچ اور پنجاب چائنا بزنس فور م کے سربراہ سہیل قادری نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر شیخ فاروق یوسف سے ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پاکستانی اور چینی تاجروں کے اشتراک سے مشترکہ منصوبے شروع کرانے میں دلچسپی لے رہا ہے ۔ تاہم اس سلسلہ میں پاکستانی تاجروں کو بھی اپنے لئے موزوں پارٹنرز کی تلاش کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ مشترکہ منصوبے شروع کئے جائیں ۔ اس طرح پاکستان کی صنعتوں میں نئی ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ موجودہ اداروں کی توسیع کیلئے بھی نئی راہیں کھلیں گی۔ فیصل آباد میں نجی ایئر پورٹ کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اس سلسلہ میں ہر مرحلے پر ضروری معلومات اور راہنمائی مہیا کرے گا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر شیخ فاروق یوسف نے کہا کہ فیصل آباد کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ اس کی معیشت تیزی سے ترقی کر سکے۔
نہوں نے بتایا کہ پی بی آئی ٹی اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے درمیان بہترین رابطے قائم ہیں جن کو مزید بڑھایا جائے گا تاکہ اس کے نتیجہ میں یہاں نئی صنعتوں کے قیام کے ساتھ ساتھ موجودہ صنعتوں کو بھی توسیع دی جا سکے۔