ریلوے پولیس کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے، مجیب الرحمن خان

ریلوے پولیس کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے، مجیب الرحمن خان

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان نے ملتان ڈویژن کا دورہ کیا ۔ ایس پی آفس ملتان آمد پر پاکستان ریلوے پولیس کے چاک وچوبند دستے نے انسپکٹر جنرل کو سلامی دی۔ ایس پی آفس ملتان میں ملازمین ریلوے پولیس کا اردل روم کیا ۔آئی جی ریلوے پولیس نے اردل روم میں افسران و اہلکاران کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے اس موقع پر ایس پی ریلوے پولیس ملتان شاہد نواز کو ہدایات جاری کیں کہ ملازمین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے ،ان کی ویلفئیر سے متعلق خصوصی اقدامات کئے جائیں اور ملتان ڈویژن میں ریلوے مسافروں کی جان ومال اور ریلوے املاک کے تحفظ کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں ۔ایس پی ریلوے ملتان نے آئی جی ریلوے پولیس کو ملتان ڈویژن کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دی ۔آئی جی ریلوے نے ملتان ڈویژن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تسلی بخش قرار دیا۔ نیز آئی جی ریلوے پولیس نے ایس پی آفس میں ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے ملتان میر محمد داود پوتا کے ہمراہ پودا بھی لگایا اور ہدایات دی کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ریلوے پولیس کے تمام تھانہ جات اور چوکیات میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر مبنی رپورٹ سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہوربھجوائیں ۔آخر میں آئی جی ریلوے پولیس نے ہیلپ سنٹر ریلوے اسٹیشن ملتان کا دورہ کیا اور ہیلپ سنٹر ملتان کی رینویشن کروانے پرڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے ملتان میر محمد داود پوتا کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید : علاقائی