ترقی یافتہ قوم کیلئے تعلیمی ایمرجنسی کی ضرورت ہے،رسول بخش بہرام

ترقی یافتہ قوم کیلئے تعلیمی ایمرجنسی کی ضرورت ہے،رسول بخش بہرام

لاہور(سٹی رپورٹر) تعلیم کو دور دراز علاقوں تک پہنچاناہماری اولین فوقیت ہونی چاہیے۔ یہ بات علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس لاہور کے ریجنل ڈائریکٹر جناب رسول بخش بہرام نے ابلاغیات اور تاریخ کی مشترکہ ورکشاپس کے افتتاح کے موقع پر کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری کے علاوہ ریجنل کیمپس کے اکیڈمک اور سپورٹنگ سٹاف کے کافی ممبران موجود تھے۔رسول بخش بہرام نے کہا کہ جدید میڈیا ٹیکنالوجی کے ذریعے ہمیں ماڈرن تعلیمی نظام کو ملک میں نافظ کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے تیار کردہ طلبا و طالبات کو ترقی یافتہ قوموں کے طلبا کے ہم مقابل لا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ایسا وقت آ گیا ہے کہ کوئی بھی قوم جدید تعلیم کی حصول کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے گورنمنٹ سے تعلیمی بجٹ بڑھانے کی تجویز دی تا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مزید بہتر طریقے سے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو ان کے گھروں کی دہلیز تک علم کی روشنی سے ہمکنار کر سکے۔ریجنل ڈائریکٹر صاحب نے مزید کہا کہ ہم دوسری ترقی یافتہ اور ترقی پذیر اقوام سے ابھی بھی کافی سال پیچھے ہیں اس لیے ہمیں فوری طور پر ملک میں ایجوکیشن ایمرجنسی لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے اکیڈمک اور سپورٹنگ سٹاف کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم اپنے یونیک مواصلاتی طریقہ تعلیم کے ذریعہ لوگوں کی خدمت کے لیے کوشاں ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4