نئی حکومت اپنے وعدے کے مطابق پاکستان کو اسلامی ریاست بنائے، سراج الحق

نئی حکومت اپنے وعدے کے مطابق پاکستان کو اسلامی ریاست بنائے، سراج الحق

لاہور (این این آئی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ایک فرد کی نااہلیت سے احتساب مکمل نہیں ہوا، جب تک پانامہ لیکس کے دیگر 436 ملزموں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جاتا ، احتساب ادھورا اور بے فائدہ رہے گا ۔ جماعت اسلامی’’ احتساب سب کا‘‘ تحریک جاری رکھے گی ، پاکستان عاشقان رسول ؐ کی سرزمین ہے یہاں سیکولر اور لبرل ازم کی کوئی گنجائش نہیں، یہ ملک مدینہ منورہ کے بعد کلمہ کی بنیاد پر قائم ہونے والی دنیا کی دوسری مملکت تھی مگر بعد میں آنے والی حکومتوں نے پاکستان کے نظریے سے بے وفائی اور غداری کی اور ملک میں ایک دن کے لیے بھی اسلامی نظام نافذ نہیں کیا گیا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ آنے والی حکومت اپنے وعدے کے مطابق ملک کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کی طرف قدم بڑھائے ، سودی نظام کا خاتمہ کرے ، آئی ایم ایف کے قرضوں سے ملک کو نجات دلائے ، نوجوانوں کو روزگار اور بے گھر افراد کو چھت مہیا کرے ، ہم اللہ کے نظام کے عاشق ہیں ، حکومت اگر پاکستان میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی طرف ایک قدم اٹھائے گی تو ہم اس کی تائید و حمایت میں دس قدم آگے بڑھائیں گے ، اسلامی حکومت قائم کرنا ایک شرعی فریضہ ہے ہم اس فرض کی ادائیگی کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور زندگی کی آخری سانس تک غلبہ دین کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع اور بعد ازاں جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کی مجلس شورٰی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شوریٰ کے اجلاس سے میاں مقصود احمد اور بلال قدرت بٹ نے بھی خطاب کیا ۔ سراج الحق نے مزید کہاکہ قوم 72واں یوم آزادی منارہی ہے ، بلاشبہ یہ ہماری قومی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے اور اسے پورے ملی جوش و جذبہ اور اس عزم کے ساتھ منانا چاہیے۔

سراج الحق

مزید : صفحہ آخر