پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کیساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے : عمران خان

پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کیساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے : عمران خان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے بنی گالہ میں چیئرمین تحر یک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری نے بتایا ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال اور خطے کو در پیش مسائل اوران کے حل پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ کشمیر سمیت دیگر معاملات بھی زیر بحث رہے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کا دستخط شدہ بلا عمران خان کو تحفے میں دیا جبکہ پوری بھارتی کرکٹ ٹیم کی جا نب سے عمران خان کو مبارکباد پیش کی۔بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے پاک بھارت تعلقات میں مثبت دور کے آغاز کی امید کا اظہار کر تے ہوئے کہا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور چیئرمین تحریک انصاف کے مابین ٹیلیفونک گفتگو سے ایک نئی امید نے جنم لیا ہے، بھارت پرامید ہے پاکستان کیساتھ تعلقات مثبت ڈگر پر چل نکلیں گے۔اس موقع پربھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی موجود تھے ، عمران خان نے بھارتی سفارتی وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بھارتی حکومت کی جانب سے تہنیتی پیغام پر بھارتی قیادت اور عوام کا بھی شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور مستقبل میں ان تعلقات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ بعد ازاں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے چیئرمین حبیب بنک لمیٹڈ سلطان علی الانہ نے ملاقات کی ، انہیں کامیابی پر مبارکباد دی ، ملاقات میں ملکی معیشت کی بحالی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر عمران خان نے کہا آپ کا بینک ملک کا سب سے بڑا بینک ہے آپ ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔ملاقات میں شہزاد رائے اور ممبر قومی اسمبلی علی زیدی موجود تھے۔

عمران خان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی کے حوالے سے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے میں چاہتا ہوں پوری قوم 14اگست کو خصوصی طور نہایت اہتمام اور بھرپور جوش و جذبے سے یوم آزادی منائے، گزشتہ روزاس ضمن میں اپنے ٹوئیٹر پیغام میں انکامزید کہنا تھا ہم نئے پاکستان کے قیام کی منزل کی جانب گامزن ہیں جس میں قائدؒ کے خواب کو تعبیر ملے گی، انشااللہ ایک اور ٹوئیٹ میں عمران خان کا کہنا تھا ہمارے قومی اثاثے اوورسیز پاکستانیز کیلئے خوشخبری ہے، پی ٹی آئی کی اوو ر سیز پاکستانیز کیلئے ووٹ دینے کے حق پر عملدرآمدکی جدوجہد کامیاب ہوگئی۔ پوری قوم جشن آزادی بھر پور جذبے سے منائے ہم قائداعظم کے ویژن نئے پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔

عمران ٹوئٹ

مزید : صفحہ اول