بھارتی قید سے رہا14پاکستانی ماہی گیر واہگہ بارڈر کے راستے کراچی پہنچ گئے

بھارتی قید سے رہا14پاکستانی ماہی گیر واہگہ بارڈر کے راستے کراچی پہنچ گئے

کراچی(آئی این پی) بھارتی حکومت کی قید سے رہائی پانیوالے14پاکستانی ماہی گیر واہگہ بارڈر سے ہوتے ہوئے جمعہ کو کراچی پہنچ گئے ، اورپاک سرزمین پر قدم رکھتے ہی خوشی میں کراچی کینٹ اسٹیشن پر سجدہ ریز ہو گئے ،رہائی پانیوالے ماہی گیروں کے اہل خانہ فرط جذبات سے آبدیدہ ہو گئے ،چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے رہائی پانیوالے ماہی گیروں کا استقبال کیا اور ان میں 10ہزار روپے فی کس امدادی رقوم تقسیم کیں۔رہائی پانیوالے ماہی گیروں میں تین نو عمر ماہی گیر بھی شامل ہیں،اس موقع پر ماہی گیروں کے اہل خانہ نے چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر کا شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے فروری 2016میں گرفتارہونیوالے 14ماہی گیروں کو رہا کرکے واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا،بعدازاں انہیں ایدھی سینٹر لاہور منتقل کر دیا گیا تھا۔جہاں سے وہ جمعہ کے روز کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچے ۔کراچی کینٹ اسٹیشن پر میڈیا سے بات چیت میں چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے کہا رہائی پانیوالے چودہ ما ہی گیروں کے بعد ابھی بھی 103پاکستانی ماہی گیر بھارت کی قید میں ہیں جن کی جلدرہائی کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ پاکستانی ماہی گیروں کی بھارتی قبضے میں موجودکشتیوں کی واپسی کیلئے کوششیں جاری ہیں، غریب ماہی گیر دہشت گرد نہیں یہ اپنی روزی روٹی کمانے کیلئے کھلے پانیوں میں جاتے ہیں مگرمتنازعہ سمندری حدود کے قریب سے بھارتی فورسز انہیں گرفتار کر لیتی ہے اور انہیں ان کی کشتیوں سے بھی محروم کر دیا جاتا ہے جوکہ ماہی گیروں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔

ماہی گیر رہا

مزید : صفحہ آخر