اشتعال انگیز تقریر،شہباز شریف اور فضل الرحمن کیخلاف مقدمہ کیا درخواست پر ایس ایچ او سے جواب طلب

اشتعال انگیز تقریر،شہباز شریف اور فضل الرحمن کیخلاف مقدمہ کیا درخواست پر ...

لاہور(نامہ نگار)اشتعال انگیز تقریر کرنے پرمیاں شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سیشن عدالت نے ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے ۔ایڈیشنل سیشن جج اظہر اقبال رانجھا نے شہری تنزیلہ عمران کی درخواست پر سماعت کی ،درخواست گزار کے وکیل سلیم چودھری نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمن نے 8 اگست کو الیکشن کمیشن اسلام آباد کے دفتر کے باہر اشتعال انگیز تقریر کی تھی جس میں انہوں نے عوام کو پاک فوج کے خلاف بھڑکایا اور دوران تقریر مولانا فضل الرحمن نے مبینہ طور پرکہا کہ ہم 14 اگست نہیں منائیں گے جس سے عوام کے جذبات مجروع ہوئے۔مولانا فضل الرحمن کی تقریر بغاوت کے زمرے میں آتی ہے،میاں شہباز شریف نے بھی عوام کو14اگست نہ منانے کی تقلید کی ہے،مولانا فضل الرحمن اور میاں شہباز شریف کے خلاف ماڈل ٹاؤن تھانہ میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے،وکیل نے استدعا کی کہ عدالت مولانا فضل الرحمن اور میاں شہباز شریف کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

جواب طلب

مزید : صفحہ اول