ووٹ رازداری کیس ، عمران خان کی غیر مشروط معافی قبول

ووٹ رازداری کیس ، عمران خان کی غیر مشروط معافی قبول

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی غیرمشروط معافی قبول کرتے ہوئے ان کے خلاف نوٹس واپس لے کر این اے 53 اسلام آباد سے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے گزشتہ ورز عمران خان کے خلاف ووٹ کی رازدری ظاہر کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے اپنے مؤکل کا دستخط شدہ معافی نامہ اور بیان حلفی جمع کرایا جس میں الیکشن کمیشن سے نوٹس واپس لینے کی استدعا کی گئی تھی۔بیان حلفی میں چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا کہ میں تمام قوانین پر عمل کرتا ہوا ووٹ ڈالنے اندر اکیلا گیا تھا، تاہم رش کے باعث پردے کی سکرین گرگئی ، جب میں نے پولنگ سٹاف سے پوچھا کہ ووٹ کہاں ڈالوں تو سٹاف نے کہا کہ ٹیبل پر ہی بیلٹ پیپر رکھ کر مہر لگادیں۔جواب میں مزید کہا گیا کہ ٹیبل کے اطراف مہر لگاتے وقت میڈیا موجود تھا، میڈیا نے میری مرضی یا اجازت کے بغیر تصاویر اور فوٹیج بنائی۔عمران خان نے کہا کہ جان بوجھ کر ووٹ کی رازداری ظاہر نہیں کی اور اس میں میرا کوئی کردار نہیں تھا لہٰذا اپنے اس غیر ارادی اقدام پر الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔

عمران/غیر مشروط معافی

مزید : صفحہ اول