صنعت ، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں کا فروغ مضبوط، معیشت کی ضمانت

صنعت ، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں کا فروغ مضبوط، معیشت کی ضمانت

لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں کا پائیدار بنیادوں پر فروغ ہی مضبوط معیشت کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نگران صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری اورمعدنیات انجم نثارسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات میں صنعتکاروں اور کاروباری افرادکے مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں صنعتی ترقی،تجارتی سرگرمیوں اورسرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں تاہم اس ضمن میں قابل عمل اقدامات اورپالیسیاں ضروری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قدرتی وسائل موجود ہیں اور زمین میں چھپے خزانوں سے فائدہ اٹھانا وقت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل کی تلاش اور ان سے استفادہ کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کی استعداد کار بڑھانا بے حد ضروری ہے اور اس جانب پیشہ وارانہ انداز اور محنت کے ساتھ کام کرتے ہوئے آگے بڑھناہوگا ۔ڈاکٹر حسن عسکری نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں حلال فوڈزکی بڑی ڈیمانڈ ہے لہٰذا حلال فوڈ ز کی بین الاقوامی ٹریڈ سے فائدہ اٹھاناچاہئے۔دریں اثناء اقلیتوں کے حقوق کے قومی دن پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ تمام اقلیتوں کو اپنی عبادات اپنے عقائد کے مطابق کرنے کی مکمل آزادی ہے اور وطن عزیز میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی، معاشرتی اور سماجی آزادی حاصل ہے جبکہ دین اسلام اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کا درس دیتا ہے لہٰذا ہمیں محبت اور اخوت کے پیغام کو ہر جگہ پھیلانے کا عہد کرنا اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مزید موثر انداز میں عملی اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ آخر