تھائی لینڈ ، سینکڑوں پاکستانیوں کو قانونی امداد نہ ملنے کی وجہ سے طویل سزاؤں کا سامنا

تھائی لینڈ ، سینکڑوں پاکستانیوں کو قانونی امداد نہ ملنے کی وجہ سے طویل سزاؤں ...

اسلام آباد ( آن لائن )تھائی لینڈ کی مختلف جیلوں میں بند سینکڑوں پاکستانیوں کو سفارت خانے کی جانب سے قانونی اِمداد نہ ملنے کی وجہ سے طویل سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کا فائدہ اُٹھاکر ایجنٹ مافیا تھائی لینڈ میں پکڑے جانے والے پاکستانیوں کو لوٹ رہی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق تھائی لینڈ میں قائم پاکستانی سفارت خانہ اب تک ایسا کوئی مقامی شخص یا وکیل بھرتی نہ کر سکا جو پاکستانیوں کے مقدمات کی اُردویا انگلش سے تھائی زبان میں ترجمانی و پیروی کرکے اُن کو انصاف دلائے ، تھائی لینڈ کی مقامی زبان نہ جاننے کی وجہ سے بیشتر پاکستانی وہاں کی عدالتوں سے طویل سزائیں لے کر کاٹنے پر مجبور ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے سفارت خانے کو ملنے والا کروڑوں روپے کا کمیونٹی ویلفیئر فنڈ اب تک کسی پاکستانی کے کام نہ آسکا ،جو سفارت کاروں کی عیاشیوں یا وی وی آئی پیز کی خدمات پر خرچ کیا جاتا ہے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہاں پر قائم نام نہاد اورسیز پاکستانی ایسوسی ایشن چند پاکستانی سفارت کاروں کی آشیر باد سے بدعنوانیوں، بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں میں سرگرم ہے جن کے ممبران آئے روز پاکستانی سفارت خانے میں ڈیرہ ڈالے بیٹھے رہتے ہیں مگر مصیبت زدہ پاکستانیوں کی مدد کرنے کی بجائے اُن کو سفارت خانے کی مدد دِلوانے کے چکر میں لوٹ رہے ہیں۔ پکڑے جانے والے پاکستانیوں کو پولیس اسٹیشن سے جیل اور پھر وہاں سے اِمیگریشن ڈیٹنشن سنٹر(آئی ڈی سی ) تک بھاری رقوم ایجنٹ مافیا کو دینی پڑتی ہے، رقم نہ دینے والے بے چارے پاکستانی پھنسے ہی رہتے ہیں اور پاکستانی سفارت خانہ کسی تارکین وطن کی فون کا جواب تک نہیں دیتا جبکہ سفارت کار اپنی جان چھڑانے کے لیئے موبائل فون کلریکل سٹاف کے حوالے کردیتے ہیں جو بند کر دیتے ہیں۔

مزید : عالمی منظر