اقلیتی برادری نے ملکی دفاع اور تعلیم میں قابل قدر خدمات انجام دیں : صدر ممنون حسین

اقلیتی برادری نے ملکی دفاع اور تعلیم میں قابل قدر خدمات انجام دیں : صدر ممنون ...

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف رنگ و نسل اور عقائد پر یقین رکھنے والے لوگوں کی ایک ایسی منفرد سرزمین ہے جس کا پرچم اور آئین اقلیتی برادریوں کو جسد قومی کا فعال حصہ بناتا ہے، 11 اگست اس قومی عزم اور وطن عزیز کے اسی سیاسی عقیدے کی تجدید کا دن ہے۔ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی لاتعداد شخصیات نے دفاع وطن، صحت، تعلیم اور فنون لطیفہ کے شعبوں میں قابل قدر خدمات انجام دے کر قومی تاریخ میں بہترین کردار ادا کیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دن قومی تعمیر و ترقی اور استحکام کے لئے ان کی خدمات اور ایثار و قربانی کے اعتراف اور خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں ماضی میں بعض ناخوشگوار واقعات کے ذریعے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی لیکن یہ بھی ایک خوشگوار حقیقت ہے کہ عدم برداشت کے ان واقعات کو پوری قوم بھرپور طریقے سے مسترد کر کے اپنی اقلیتی برادریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گئی۔ پاکستانی معاشرے کی یہی طاقت ہے جس کی مدد سے ریاست کو ان ناپسندیدہ عناصر کا قلع قمع کرنے میں مدد ملی۔ حالیہ عام انتخابات میں اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات نے عام نشستوں پر حصہ لیا، یہ مثبت تبدیلی اسی قومی بیداری اور عدم برداشت کے مریضانہ طرز عمل کے خلف قومی عزم کا بھرپور اظہار ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ قومی ہم آہنگی کا یہ خوشگوار سفر مزید آگے بڑھے گا اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے افکار اور ریاستی نظریات کی روشنی میں تمام پاکستانیوں کو ہر فورم پر ترقی و خوشحالی کے یکساں مواقع ملیں گے اور پاکستان میں اچھی قدریں پروان چڑھتی رہیں گی۔

صدر ممنون حسین

مزید : علاقائی