مقبوضہ کشمیر : بھارتی مظالم کیخلاف ترال میں ہڑتال ،مظاہرے

مقبوضہ کشمیر : بھارتی مظالم کیخلاف ترال میں ہڑتال ،مظاہرے

سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے بیگناہ نوجوانون کی بلاجواز گرفتاری اور دیگر مظالم کے خلاف ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں گزشتہ روز مکمل ہڑتال رہی ۔ علاقے میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے ہوئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔بھارتی پولیس نے گزشتہ دو روز کے دوران رات کے وقت گھروں پر چھاپوں کے دوران گیارہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔نوجوانوں کی گرفتاری اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کے خلاف لوگ سڑکوں پر سراپا احتجاج رہے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ترال میں رات کے وقت گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ۔ قابض اہلکاروں نے ترال کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر ناکے لگا رکھے ہیں اور یہاں سے گزرنے والی گاڑیوں اور ان میں سوار مسافسروں کو تلاشی کے سخت مراحل سے گزارا جاتا ہے ۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے ضلع کپواڑہ کے علاقے تھاین کلاروس میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ ضلع بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد میں بدھ کے روز شروع کی جانے والی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی تاحال جاری ہے۔ یاد رہے فوجیوں نے رفیع آباد میں آپریشن کے دوران گزشتہ دو روز میں پانچ نوجوان شہید کر دیے۔ دریں اثنا رفیع آباد میں شہید ہونے والے پانچ نوجوانوں کو بارہمولہ کے علاقے حمام مارکوٹ میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔

مقبوضہ کشمیر

مزید : علاقائی