آزاد کشمیر کا بینہ کا اجلاس ،بھارتی سپریم کورٹ کے اقدامات کی شدید مذمت

آزاد کشمیر کا بینہ کا اجلاس ،بھارتی سپریم کورٹ کے اقدامات کی شدید مذمت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مظفرآباد( وقائع نگار خصوصی) آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس جمعہ کے روز وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدخان کی زیر صدارت وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعدد قرار متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں جن میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے کشمیر سے متعلق آرٹیکل 35 اے کو زیر سماعت لانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔اجلاس سمجھتا ہے کہ بھارتی فوج کی ایما پر کیا جانے والا یہ اقدام خطے کی سلامتی پر انتہائی منفی اثرات مرتب کریگا۔کشمیر کا متنازعہ مسئلہ اقوام متحدہ میں ہے لہذا بھارت اس پر کسی بھی یکطرفہ فیصلے سے گریز کرے ورنہ جنوبی ایشیاء کا امن تہہ و بالا ہو سکتا ہے۔نیز اس سلسلہ میں مقبوضہ کشمیر میں رہنے والوں کا رنگ و نسل سے ہٹ کر یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔کابینہ کا یہ اجلاس جمہوری تسلسل اور عام انتخابات کے بروقت انعقاد پر اہل پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔اجلاس سمجھتا ہے کہ کچھ بے قاعدگیوں سے مسلم لیگ ن کا راستہ مشکل بنایا گیامگر تمام تر مشکلات کے باوجود وہ دوسری بڑی جماعت رہی۔گو تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور قائدین کو انتخابات پر تحفظات ہیں مگر ان سب کے باوجود قائدین کی جانب سے پارلیمنٹ کا کردار جاری رکھنے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے۔اجلاس کامیابی حاصل کرنیوالوں سے توقع رکھتا ہے کہ وہ جمہوری روایات کا احترام ملحوظ خاطر رکھیں گے تا کہ پاکستان امن و ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔ ایک اور قرار داد میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس احتساب عدالت کی جانب سے ایک خودساختہ اور فرضی مقدمے میں قائد پاکستان محمد نواز شریف،ان کی دختر محترمہ مریم نواز اور داماد کیپٹن محمد صفدر کو سزا سنانے کو عدل کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔اجلاس سمجھتا ہے کہ اس طرح کے فیصلوں سے نہ ماضی میں کچھ حاصل ہوا ہے نہ آئندہ ہو گا ملک کی آزمودہ کارقیادت کو بدنام کرنے پر عوام شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہیں جو موجودہ حالات میں ملک کی کوئی خدمت نہیں ہے۔اجلاس سمجھتا ہے کہ انصاف ہر شہری کا بنیادی حق ہے اس لئے اس کو نہ صرف ہر ایک کو ملنا چاہیے بلکہ نظر بھی آنا چاہیے۔اجلاس قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوے جمہوریت اور آئین کی پاسداری کا سب سے تقاضا کرتا ہے جو آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ایک اور قرار داد میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس شہید کشمیر برہان وانی کی برسی کے موقع پر بھارتی قابض فوج کی جانب سے حریت قائدین میرواعظ عمر فاروق،سید علی گیلانی،یسین ملک اور محترمہ آسیہ اندرابی کو حراست میں لینے کی شدید مذمت کرتا ہے۔کشمیری عوام نے کنٹرول لائن کے دونوں جانب برہان وانی کی برسی بھرپور انداز میں منا کر یہ واضح پیغام دیا کہ وہ ہر صورت بھارت کی قابض فوجوں سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے اور برہان وانی شہید کے مشن کی تکمیل کے لیے کوئی دقیقہ فردگذاشت نہیں کیا جائیگا۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس نئے آبی ذخائر بنانے کے قومی بیانئے کی مکمل حمایت کرتے ہوے تمام وفاقی اکائیوں پر زور دیتا ہے کہ وہ وقت کی آواز کو سمجھتے ہوے اس انتہائی حساس معاملے پر اقدامات کریں۔اجلاس سمجھتا ہے کہ ہمیں بھارت کی آبی جارحیت سے نمٹنے کیلیے بروقت اور ٹھوس اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اجلاس پاک فوج کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف موثر ترین کارروائیوں پر ہدیہ تبرک پیش کرتا ہے۔پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جس نے دہشت گردی جیسے ناسور کا قلع قمع کر کے اپنی پروفیشنل صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔اجلاس سمجھتا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج کی کامیابیوں کا تسلسل خطے میں دیرپا امن کی بنیاد بنے گا۔اجلاس یوم آزادی کا پر مسرت ماہ شروع ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔اس موقع پر پاکستان کے قریہ قریہ میں جہاں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں وہاں سرینگر میں بھی کشمیری عوام بھارتی سنگینوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر سبز ہلالی پرچم لہرا رہیں ہیں اور بیس کیمپ کی حکومت وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں ان کے شانہ بشانہ ہے۔اجلاس 14 اگست کو پوری شان و شوکت سے منانے کے اپنے عزم کا اظہار کرتا ہے۔ایک اور قرارداد میں گیا کہ اجلاس پاکستان کی خلائی میدان میں شاندار کامیابی پر پاکستانی سائنسدانوں اور پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہے پاکستان نے سیٹلائٹ پی ایس ایس آر 1 اور پاک ٹیس اے 1 لانچ کیے، دونوں سیٹلائٹس چین سے لانچ کیے گئے جنہیں مکمل طور پر پاکستان میں ہی تیار کیا گیا۔ سیٹلائٹس کی تیاری سے پاکستان کا کمرشل انحصار انتہائی کم ہو جائے گا اور ڈیٹا کلیکشن، پلاننگ، ریسورس مینجمنٹ اور معیارِ زندگی بہتر ہوگا۔ سیٹلائٹس لانچنگ سے پانی کے بحران، سیلاب اور قحط جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔اجلاس وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتا ہے۔وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی نڈر اور بیباک قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ ان کی سربراہی میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ایک اور قرارداد میں گیا کہ اجلاس شرپسند عناصر کی طرف سے دیامر گلگت وبلتستان میں سکولوں کو جلانے کی شدید مذمت کرتا ہے اجلاس پشاور،کوئٹہ، مستونگ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے خودکش دھماکوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہوے شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔اجلاس دھماکوں میں شہید ہونے والے تمام امیدواران اسمبلی کی شہادتوں پر بھی انتہائی دکھ کا اظہار کرتا ہے۔اللہ تعالی تمام شہداء کے درجات بلند فرماتے ہوے لوحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔اجلاس حالیہ شدید بارشوں میں سیلابی ریلہ جات کی وجہ سے جانی ومالی اموات پر شدید پریشانی کا اظہارکرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کرتا ہے کہ بروقت حفاظتی تدابیر کی جا کر ایسے حادثات کا سدباب کیا جائے