وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے 5نو منتخب ارکان اسمبلی فیورٹ فہرست میں شامل

وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے 5نو منتخب ارکان اسمبلی فیورٹ فہرست میں شامل

لاہور (نعیم مصطفےٰ سے ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کیلئے دیئے گئے اشاروں کے بعد پانچ نو منتخب ارکانِ صوبائی اسمبلی وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں اور پارٹی قیادت کی ان سے ملاقاتوں کا تسلسل بھی جاری ہے ۔ پی ٹی آئی کے ذرائع نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ نوجوان اور بے داغ ماضی کے حامل اُمید وار کے اشارے سے ذہن میں کئی نو منتخب ار کا نِ اسمبلی آتے ہیں تاہم عمران خان نے تاحال حتمی اُمیدوار کا کسی سے تذکرہ نہیں کیا البتہ یہ ضرور ہے کہ اُن میں سے دو مراد راس اور میاں ا سلم اقبال کا تعلق لاہور سے ہے۔ مراد راس پی پی 159 سے رکنِ پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور اُن کا شمار پی ٹی آئی کے صف اول کے رہنماوں میں ہوتا ہے جبکہ میاں اسلم اقبال پہلے بھی پنجاب اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں وہ ایک مرتبہ آزاد حیثیت میں انتخابات جیتے پھر پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے ۔ اس بار بھی وہ تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے ایم پی اے بنے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے چیچہ وطنی سے نو منتخب رکن رائے محمد مرتضیٰ اقبال کا نام بھی وزارتِ اعلیٰ کیلئے زیر غور ہے وہ چیچہ وطنی کے دو حلقوں این اے 149 اور پی پی 201 سے الیکشن جیتے ہیں تاہم پارٹی قیادت نے اُنہیں قومی اسمبلی کی نشست چھوڑ دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ گزشتہ تین روز سے وہ اسلام آباد میں ہیں اور قائد تحریک عمران خان سے مسلسل تین ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں۔ اس امر کا غالب امکان ہے رائے مرتضیٰ اقبال کو وزارتِ اعلیٰ کا منصب سونپ دیا جائے ۔ اُن کے بارے میں بتایاگیاہے کہ وہ رائے علی نواز مرحوم کے صاحبزادے اور سابق ضلع ناظم ساہیوال رائے حسن نواز اور سابق صوبائی وزیر اشتمال رائے احمد نواز کے بھتیجے ہیں ان کا خاندان تحریک انصاف کی تشکیل کے ابتدائی ایام میں پارٹی میں شا مل ہو ا تھا۔ پارٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سرگودھا سے عنصر مجید نیازی کا نام بھی زیر غور ہے انہیں عمران خان کی خاصی قربت حاصل ہے وہ پی پی 78 سے پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں تاہم 2012 ء میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے جبکہ 2013ء کے انتخا بات میں 24 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرنے کے بعد کامیاب نہیں ہوئے تھے۔ عنصر مجید بجری( سٹون کرش) کے بڑے تاجر ہیں جو طو یل عرصے سے خیبر پختونخوا میں کرش سپلائی کا کام کررہے ہیں۔ چکوال سے رکن صوبائی اسمبلی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کا نام بھی وزارتِ اعلیٰ کیلئے زیر غور ہے وہ 2013 ء میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے اور چار سال سے تحریک انصاف چکوال کے صدر چلے آرہے ہیں وہ حالیہ انتخا بات میں پی پی 21 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ ان مذکورہ پانچوں اُمید واروں کے بارے میں پارٹی ذر ا ئع کا کہنا ہے یہ عمران خان کے اشاروں پر پورااُترتے ہیں اور انہی میں سے کوئی ایم پی اے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا حتمی اُمیدوار ہوگا۔ واضح رہے قومی اسمبلی میں سپیکر،ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد پنجاب اسمبلی میں سپیکر،ڈپٹی سپیکر اور قائد ایوان کا انتخاب ہوگا اور یہ وقت ہی بتائے گا قرعہ فال کس کے نام نکلتا ہے ۔ بتایا جارہا ہے مذکورہ نوجوان ارکان اسمبلی عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی قائدین کیساتھ مسلسل رابطوں اور ملاقاتوں میں ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب فہرست

مزید : کراچی صفحہ اول