پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت سازی کیلئے تیاریاں مکمل
کراچی (نعیم الدین)پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ میں حکومت سازی کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں قائم مقام گورنر سندھ کی جانب سے 13اگست کو اسمبلی کا اجلاس طلب کیے جانے کے بعد پارٹی قیادت نے صوبائی کابینہ کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ہے ۔ذرائع کے مطابق نئی سندھ حکومت میں پرانی حکومت کے کئی سینئر وزرا کابینہ کا حصہ نہیں ہوں گے ۔نثار کھوڑو اور منظور وسان نااہلی کے باعث اس مرتبہ رکن منتخب نہیں ہوسکے جبکہ ڈاکٹر سکندر میندھرو سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں ۔نئی صوبائی کابینہ 35ارکان پر مشتمل ہوسکتی ہے جس میں 18وزراء ،5مشیر اور 12معاون خصوصی شامل ہوں گے ۔اسپیکر کے لیے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور سید مراد علی شاہ سینئر کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے لیے سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہی امیدوار ہیں ۔پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک پریس کانفرنس میں مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ نامزد کرنے کا کہہ بھی چکے ہیں تاہم ابھی پارلیمانی پارٹی کی سطح پر باقاعدہ اس کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔سابق سندھ کابینہ کے سب سے متحرک وزیر سید ناصر حسین شاہ کو اس مرتبہ پھر اہم ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے اور ان کو ایک مرتبہ پھر وزیر اطلاعات بنایا جاسکتا ہے جبکہ سعید غنی کے حوالے داخلہ یا بلدیات کی وزارت کی جاسکتی ہے ۔