ریڈیو پاکستان مالی بحران کا شکار‘ ملازمین تنخواہوں سے محروم‘ افسروں کی تسلیاں

ریڈیو پاکستان مالی بحران کا شکار‘ ملازمین تنخواہوں سے محروم‘ افسروں کی ...

ملتان (خصوصی رپورٹر)ریڈیو پاکستان مالی بحران کا شکارہوگیا،گزشتہ 3 ماہ سے کنٹریکٹ وڈیلی ویجز ملازمین تنخواہیں نہ ملنے سے عید کی خوشیاں منانے سے محروم ہوگئے، کنٹرولر ملتان اسٹیشن،ڈپٹی کنٹرولر نے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملازمین کو تسلیاں دینا معمول بنا لیا،تفصیل کے مطابق ریڈیو (بقیہ نمبر39صفحہ12پر )

پاکستان جو کہ مظلوم عوام کی آواز بن کر اپنے عروج کو پہنچا آج بحران سے دوچار ہے۔ ریڈیو پاکستان میں تقریباً ایک ہزار کے قریب ملک بھر میں ڈیلی ویجز اور کنٹریک ملازمین کام کر رہے ہیں جنہیں گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں جبکہ عید الفطر میں بھی سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کو ہوا میں اڑاتے ہوئے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں اور اب عیدالاضحی بھی قریب ہے اور تنخواہوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا،گزشتہ ہفتے راولپنڈی اسٹیشن کے ملازمین نے اس سلسلے میں ایک احتجاج بھی کیا لیکن انہیں تنخواہوں کی بجائے نوکری سے فارغ کر دیا گیا جبکہ منسٹری کے کہنے پر انہیں تنخوہوں کے بغیر دوبارہ بحال کر دیا گیا۔ریڈیو اسٹیشن ملتان میں ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین 45 کے قریب کام کر رہے ہیں اور انہیں گزشتہ تین ماہ سے تنخوا اہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی جبکہ ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں آفیسران کا یہ عالم ہے کہ جب ان سے تنخواہوں کی ادائیگی کی بات کی جائے تو ان کے کان میں جوں تک نہیں رینگتی ،کئی مرتبہ ان ملازمین نے اسٹیشن ڈائریکٹر اور ڈپٹی کنٹرولر سے بات کی تو انہوں نے محض لالی پوپ کے سوا کچھ نہ کیا اور نہ ہی ڈائریکٹر فنانس اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سے بات تک کرنا گوارہ نہ کی ۔ملازمین کا کہنا ہے کہ جب ہم کوئی احتجاج کی بات کرتے ہیں تو ہمیں نوکری سے فارغ کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ملازمین نے کہا کہ اسسٹنٹ اکاؤنٹ آفیسر ریڈیو پاکستان ملتان رفعت شاہین پیسے موجود ہونے کے باوجود بھی پیسے ادا کرنا گوارہ نہیں کرتا‘ریڈیو ملتان سے ایک بار اسی بناء پر رفعت شاہین کا ٹرانسفر بھی ہوالیکن افسران کی منت سماجت کر کے دوبارہ براجمان ہوگیا ۔کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کا کہنا ہے کہ ہمارے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے اور آفیسران ٹس سے مس نہیں ہوتے، اگر ہماری تنخواہیں عید الاضحی کی آمد سے قبل اد انہ کی گئیں تو ہم ملک بھر میں بھر پورطریقے سے احتجاج کریں گے ہماری حکام بالا سے اپیل ہے کہ کنٹریکٹ او ڈیلی ویجز ملازمین کو جلد سے جلد تنخواہیں ادا کی جائیں تاکہ ہمارے گھروں کے چولہے جل سکیں۔

مالی بحران

مزید : ملتان صفحہ آخر