شہر قائد میں قربانی کے جانوروں کی چوری اور چھینا جھپٹی کرنیوالے سرگرم

شہر قائد میں قربانی کے جانوروں کی چوری اور چھینا جھپٹی کرنیوالے سرگرم

کراچی (کرائم رپورٹر)عید قرباں قریب آتے ہی جانوروں کے چوری ہونے اور چھیننے کی وارداتیں بڑھنے لگیں، بیوپاری بھی لٹنے لگے۔ کورنگی مہران ٹان سے نامعلوم ملزمان گھر سے سنت ابراہیمی کے لیے لائے گئے 4 بکرے و بکریاں، بلدیہ میں باڑے سے درجن بھر جانور چھین کر فرار۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود کورنگی مہران ٹان سیکٹر 6-G کے ایک گھر میں نامعلوم ملزمان علی الصبح داخل ہوئے اور گھر کے صحن میں بندھے چار بکرے اور بکریاں چوری کرکے لے گئے، متاثرہ شخص خادم حسین چانڈیو کے مطابق چوری ہونے والے جانور وہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے لائے تھے جن کی مالیت ایک لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی رپورٹ تھانے میں درج کرانے کے باوجود پولیس چوری میں ملوث ملزموں کا سراغ نہیں لگا سکی ہے ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے چوری اس وقت کی جب سب گھر والے سو رہے تھے، ملزمان دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے تھے۔ ادھر بلدیہ رئیس گوٹھ میں مسلح ملزمان باڑے سے درجن سے زائد جانور چھین کر فرار جبکہ بھینس کالونی میں جانوروں کے بیوپاری سے مسلح ملزمان نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے، پولیس نے دونوں واقعات سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلدیہ رئیس گوٹھ میں واقع جانوروں کے باڑے میں ایک درجن سے زائد ملزمان اسلحے کے زور پر ایک درجن سے زائد بڑے جانور چھین کر ٹرک میں لوڈ کرکے فرار ہوگئے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر