مظفرآباد،ریجنل بلڈ سینٹر امبور میں تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

مظفرآباد،ریجنل بلڈ سینٹر امبور میں تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

مظفرآباد(سٹی رپورٹر)ریجنل بلڈ سینٹر امبور میں تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء کو محفوظ انتقال خون کے حوالہ سے تربیت دی گئی۔ورکشاپ میں نمائندہ جرمن گورنمنٹ ایکسپرٹ بلڈ بینکنگ ڈاکٹر سعید احمد،ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈاکٹر عثمان وحید،ٹیکنیشن شبیر تک ودیگر نے شرکاء ورکشاپ کو انتقال خون کے حوالہ سے مروجہ عالمی اصولوں سے آگاہی دی اور ضروری احتیاطوں بارے بتایا گیا۔ ان کاکہنا تھا کہ انتقال خون کے دوران ایڈز کے پھیلاؤسے بچاؤ کے حوالہ سے وضع کردہ خصوصی اصولوں کو پیش نظر رکھا جائے۔انہوں نے کہاکہ تھیلیسیما جیسے امراض جن مں بار بار انتقال خون ناگزیر ہوتا ہے ‘کے مریضوں کو خون کے ری ایکشن سے بچاؤ اور شفاف انتقال خون یقینی بنانا ضروری ہے۔ورکشاپ میں آزادکشمیر بھر سے تھیلیسیمیا کے مریضوں کی نگہداشت اور انہیں خون لگانے کے حوالہ سے خدمات انجام دینے والے ٹیکنیشن خواتین و حضرات نے شرکت کی۔شرکاء ورکشاپ نے اس تربیتی ورکشاپ کو انتہائی اہمیت کا حامل قراردیا۔ اپنی گفتگو میں نمائندہ جرمن گورنمنٹ ایکسپرٹ بلڈ بینکنگ ڈاکٹر سعید احمد،ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈاکٹر عثمان وحید نے کہاکہ مظفرآباد کے بعد بہت جلد میرپورمیں بھی ریجنل بلڈ سینٹرقائم کیا جارہاہے جہاں تھیلیسیمیا کے مریضوں کو مفت خون کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر