آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ میں بنک اپنا کردار ادا کریں،راجہ فاروق حیدر

آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ میں بنک اپنا کردار ادا کریں،راجہ فاروق حیدر

مظفرآباد( وقائع نگار خصوصی)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں سٹیٹ بنک آف پاکستان کے زیر اہتمام بنکوں کی کانفرنس منعقد کرنے کا اقدام لائق تحسین ہے۔ لوگوں کو قرض دیے جانے کا پراسیس آسان کیا جانا چاہیے۔ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ میں بنک اپنا کردار ادا کریں۔ آزاد کشمیر کے اندر سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اہل کشمیر کا پاکستان سے نظریاتی اور روحانی رشتہ ہے ۔ پاکستان کے خراب حالات سے سب سے زیادہ ہم متاثر ہوتے ہیں پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا وکیل ہے پاکستان کے علاوہ دنیا میں ہمارا کیس پیش کرنے والا کوئی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے گورنر سٹیٹ بنک سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ملاقات کے دوران کہا کہ مظفرآباد میں بنکوں کے صدور کی کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہیں آزادکشمیر کے اندر روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بنک آسان شرائط پر قرضے دیں تاکہ تعلیم یافتہ اور بے روزگار افراد اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے لیے رب کریم کا بہت بڑا تحفہ ہے۔ ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے۔ پاکستان نہ صرف کشمیریوں بلکہ پورے برصغیر کے مسلمانوں کی امیدون کا محور و مرکز ہے۔ آج اگر قائد اعظم محمد علی جناح کے ناخن کے برابر بھی کوئی لیڈر آ جائے تو ملک ترقی اور خوشحالی کی معراج کو پہنچ سکتا ہے۔ اس موقع پر گورنر سٹیٹ بنک نے کہا کہ آزاد کشمیر میں خواتیں کو کم سے کم شرح پر قرضہ جات مہیا کریں گے۔ پاکستان کے اندر جو بھی سکیم شروع ہو گی اس کا دائرہ کار آزاد کشمیر تک بڑھایا جائے گا۔ تاکہ آزاد کشمیر کے اندر بھی خواتین سمیت بے روزگار اور ہنر مند افراد کو روزگار کے مواقع مل سکیں۔ اسٹیٹ بنک آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالے گا اور آسان اقساط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر