ہم الیکشن میں کامیاب اور سلیکشن میں ناکام ہوئے ہیں ،محمد علی شاہ باچہ
بٹ خیلہ (بیورورپورٹ )صوبائی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق پارلیمانی لیڈر سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا ہے کہ ہم الیکشن میں کامیاب جبکہ سلیکشن میں ناکام ہو گئے ہیں ۔ انتخابات میں حلقے کے عوام اور کارکنوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ اب بھی پی پی پی کے ساتھ ہیں اور گذشتہ انتخابات کی نسبت ہمارے ووٹوں میں 12ہزار ووٹوں کا اضافہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ عوام ہمارے کارکردگی اورکردار سے مطمئن ہیں ۔ ہم ہار جیت کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور ثابت کرینگے کہ ہم سیاست اقتدار یا عیش و عشرت کے لئے نہیں بلکہ عوامی خدمت کے لئے کر رہے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف نے نوجوانوں کے اخلاق پر منفی آثرات مرتب کئے ہیں جس کی وجہ سے سیاست کا حسن ماند پڑ گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل سخاکوٹ خاص موسیٰ بابا ، درگئی اور دیگر یونین کونسلوں میں بڑے بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پی پی پی کے دیگر قائدین اور سرکردہ کارکن بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے حلقے کے عوام اورکارکنوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کسی بھی دھمکی ، خوف اور نقصان پہنچنے کے پروپیگنڈوں کی پرواہ نہیں کی اور پی پی پی کے حق میں ووٹ استعمال کیا ہے ۔ سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ ہم الیکشن میں کامیاب جبکہ سلیکشن میں ناکام رہے ہیں لیکن ہمیں پھر بھی بے انتہا خوشی ہو رہی ہے کہ گذشتہ انتخابات کی نسبت میرے ووٹوں میں بارہ ہزار سے زائد ووٹوں کا اضافہ ہوا ہے جوکہ میرے کردار ، کارکردگی اور پارٹی قائدین پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے کیونکہ مسلسل تین مرتبہ ممبر صوبائی اسمبلی رہنے کے باوجود حلقے کے عوام کے محبت میں کمی نہیں آئی بلکہ ان کے محبت میں مذید اضافہ ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہار عوام اور ہمارے درمیان فاصلے بڑھا نہیں سکتے بلکہ یہ فاصلے مذید کم ہونگے اور ہم عوام کے بے لوث خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔