پشاور ،کیپیٹل پولیس کا بد قماش عناصر کیخلاف گھیرا مزید تنگ

پشاور ،کیپیٹل پولیس کا بد قماش عناصر کیخلاف گھیرا مزید تنگ

پشاور(کرائم رپورٹر)کیپیٹل سٹی پولیس پشاور نے سماج دشمن عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ضلع بھر میں کامیاب کارروائیوں کے دوران 47 منشیات فروش اور دیگر جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے بھار ی مقدار میں اسلحہ اور منشیات بر آمد کر لی گئی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزپشاور پولیس نے سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن کی خصوصی ہدایت پرسماج دشمن عناصر اور منشیا ت فروشوں کے خلاف بھرپو ر کارروائیاں کرتے ہوئے 47 منشیات فروش اور دیگر جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ جس کے دوران تھانہ پھندو کی حدود میں ایس ایچ او عرفان خان نے راہزن ڈکیت شہزاد ولد گل زادہ سکنہ غز چوک کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے مختلف وارداتوں میں چوری شدہ 5 عدد موبائل بر آمد کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی شکایت پرفوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان حمید اللہ عرف نرے ولدناصر سکنہ شہید آباد، سید ولی عرف کاکی جان ولد جان ولی سکنہ شاہ ڈھنڈ اور عثمان ولد علی حیدر سکنہ شاہین مسلم ٹاؤن کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 3 کلو گرام چرس اور 25 گرام آئس بر آمد کرکے حوالات منتقل کر دیا ہے اسی طرح تھانہ غربی پولیس نے ایس ایچ او دوست محمد خان کی سربراہی میں فوارہ چوک صدر میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم رحمن الدین ولد اسرار الدین سکنہ نوتھیہ کو موٹر سائیکل سمیت گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک کلو گرام چرس بر آمد کر لی۔ تھانہ انقلاب پولیس نے قمار بازی کی محفل الٹتے ہوئے تین قمار بازوں عطا ء اللہ ، قطب شہزاد اور زرین ساکنان کگہ ولہ کو گرفتار کرکے داؤ پر لگی رقم اور ایک پستول بھی بر آمد کر لی اسی طرح ضلع بھر کے مختلف تھانوں میں دیگر کارروائیوں کے دوران 41 دیگر ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 کلو گرام چرس، 4 عدد کلاشنکوف،15 عدد پستول ،5 عدد رائفل اور سینکڑوں عدد مختلف بور کے کارتوس بر آمد کرکے ملزمان کے خلاف حسب ضابطہ مقدمات درج رجسٹر کر لئے گئے ہیں اس کے علاوہ پشاور پولیس نے غیر رجسٹر کرایہ داران کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں تمام ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے

مزید : پشاورصفحہ آخر