سی پیک کی وجہ سے ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے،خادم حسین

سی پیک کی وجہ سے ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے،خادم حسین

لاہور(سٹی رپورٹر) ممتازتاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر خادم حسین ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے کہا ہے کہ سی پیک کی وجہ سے ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے ۔سی پیک میں شامل توانائی منصوبوں کی تکمیل سے آنے والے وقتوں میں توانائی بحران کا خاتمہ ،انفراسٹرکچر کی بہتری،علاقائی ربط، کاروباری مسابقت میں اضافہ، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ،بے روزگاری میں کمی اور مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ سی پیک کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کیلئے حکومت مراعات کے پیکیج کا اعلان کے ساتھ ساتھ بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ نئی حکومت مقامی سرمایہ کاروں کو تحفظ دے اور اقتصادی زونز کا کنٹرول نجی شعبے کو دیا جائے کیونکہ نجی شعبے کی شمولیت سے سی پیک پر خدشات ختم ہونگے۔سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لوگوں کی خوشحالی وابستہ ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1