نظریہ پاکستان کا تحفظ ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے،ذکر اللہ مجاہد

نظریہ پاکستان کا تحفظ ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے،ذکر اللہ مجاہد

لاہور ( سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان کا تحفظ ہی ملک و قوم کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے ۔ جماعت اسلامی قائداور اقبال کے پاکستان میں سیکولر ازم اور غیر ملکی ایجنڈا کسی صورت پروان نہیں چڑھنے دیگی ۔ ملک کی بنیادوں میں لاکھوں شہدا کا لہو شامل ہے ۔قیام پاکستان کی جدوجہد میں ہزاروں خاندانوں نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ان خیالات کااظہار گذشتہ روز انہوں نیاسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک کے طول و عرض میں پاکستان دشمن قوتیں بدامنی ، فرقہ واریت ، لسانیت اور دہشتگردی پھیلا کر ملک کو کمزور کرناچا ہتی ہیں۔ ملک و قوم کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشوں کا متحدہو کر مقابلہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ 70سالوں سے ملک کے ا قتدار پربدعنوانوں اور قومی اداروں پر حکمرانوں کی من پسند شخصیات اور کرپٹ افرادکا قبضہ رہا ہے جس کا براہ راست نقصان ملک کے غریب اور متوسط طبقات کو پہنچا ہے جو ابھی تک تعلیم ، صحت ، پینے کا صاف پانی ،روزگارجیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ جماعت اسلامی قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے پاکستان کی تکمیل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

ذکر اللہ مجاہد

مزید : میٹروپولیٹن 1