عید سے قبل فنڈز کلیئر نہ ہوئے تو پیف ہیڈ آفس کے باہر احتجاج کیا جائیگا

عید سے قبل فنڈز کلیئر نہ ہوئے تو پیف ہیڈ آفس کے باہر احتجاج کیا جائیگا

لاہور (فورم ایجوکیشن رپورٹر،عکاسی ندیم احمد) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم کے باوجود آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے دو ماہ کے فنڈ جاری نہ ہو سکے، فنڈ17اگست تک جاری نہ کرنے پر تمام اضلاع میں پیف ہیڈ آفس کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے ان خیالا کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں صدر میاں شبیر احمد ہاشمی، قیصر محمود خان، محمد سلیم رفیق، نعمت علی شاکر، علی احمد خان، عبدالرزاق ساجد، تحقیق الرحیم، محمد امین،محمد الیاس دانش ، پروفیسر محمد نواز شہزاد، نعیم خان، محمد ندیم و دیگر نے روزنامہ پاکستان کے فورم میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ30لاکھ بچوں کی دو ماہ کی فنڈنگ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم کے باوجود ابھی تک جاری نہیں ہو سکی جس کے باعث دو لاکھ کے قریب اساتذہ پریشانی اور معاشی وسائل کی کمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 17اگست تک دو ماہ کی فنڈنگ ریلیز کی جائے تاکہ ہم لوگ بھی عیدالاضحی بھوک ہڑتالی کیمپ کی بجائے اپنے گھروں میں منا سکیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیف کی طرف سے جاری کئے گئے حالیہ نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس لیا جائے جس میں نئے داخلوں پر پابندی اور سکول کینسلیشن کے علاوہ دیگر نوٹیفکیشن بھی شامل ہیں، جبکہ سکولوں کی بے جا کٹوتیوں کو بھی بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دو لاکھ سے زائد اساتذہ کو اگر عیدسے قبل تنخواہیں نہ دی گئیں تو ہم عید کی خوشیوں میں شریک نہ ہو سکیں گے جو سرا سر ناانصافی ہو گی۔

اساتذہ

مزید : میٹروپولیٹن 1