قانونی امداد سے محروم تھائی لینڈ کی جیلوں میں قید سینکڑوں پاکستانی سزائیں کاٹنے پر مجبور

قانونی امداد سے محروم تھائی لینڈ کی جیلوں میں قید سینکڑوں پاکستانی سزائیں ...
قانونی امداد سے محروم تھائی لینڈ کی جیلوں میں قید سینکڑوں پاکستانی سزائیں کاٹنے پر مجبور

  

اسلام آباد (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کی مختلف جیلوں میں بند سینکڑوں پاکستانیوں کو سفارت خانے کی جانب سے قانونی اِمداد نہ ملنے کی وجہ سے طویل سزاﺅں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کا فائدہ اٹھاکر ایجنٹ مافیا تھائی لینڈ میں پکڑے جانے والے پاکستانیوں کو لوٹ رہی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق تھائی لینڈ میں قائم پاکستانی سفارت خانہ اب تک ایسا کوئی مقامی شخص یا وکیل بھرتی نہ کر سکا جو پاکستانیوں کے مقدمات کی اردویا انگلش سے تھائی زبان میں ترجمانی و پیروی کرکے ان کو انصاف دلائے، تھائی لینڈ کی مقامی زبان نہ جاننے کی وجہ سے بیشتر پاکستانی وہاں کی عدالتوں سے طویل سزائیں لے کر کاٹنے پر مجبور ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے سفارت خانے کو ملنے والا کروڑوں روپے کا کمیونٹی ویلفیئر فنڈ اب تک کسی پاکستانی کے کام نہ آسکا، جو سفارت کاروں کی عیاشیوں یا وی وی آئی پیز کی خدمات پر خرچ کیا جاتا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہاں پر قائم نام نہاد اورسیز پاکستانی ایسوسی ایشن چند پاکستانی سفارت کاروں کی آشیر باد سے بدعنوانیوں، بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں میں سرگرم ہے۔

پکڑے جانے والے پاکستانیوں کو پولیس سٹیشن سے جیل اور پھر وہاں سے اِمیگریشن ڈیٹنشن سنٹر (آئی ڈی سی) تک بھاری رقوم ایجنٹ مافیا کو دینی پڑتی ہے۔ جبکہ سفارت کار اپنی جان چھڑانے کے لئے موبائل فون کلریکل سٹاف کے حوالے کردیتے ہیں جو بند کر دیتے ہیں۔ اس سلسلے میں جب بینکاک میں تعینات پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد سے ان کا موقف جاننے کے لئے  پررابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے مذکورہ اِلزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا حوالاتیوں کی جہاں تک ہو سکے مدد کی جاتی ہے، ہمارے پاس محدود وسائل ہوتے ہیں۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد