نو جوان ہمارے ملک کا مستقبل ،امن اور تعلیم دشمن اپنی ناپاک سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے:نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ نو جوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، ہمیں اپنے نوجوانوں پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لئے بروئے کار لاکر ملک کو درپیش چیلنجوں کا بھرپور انداز میں مقابلہ کریں گے ، گذشتہ حکومت نے تعلیمی بجٹ میں25فیصد اضافہ کیا اور ہمیں امید ہے کہ آنے والی حکومت صوبے میں معیاری اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے مزید کام کریگی۔
تفصیلات کے مطابق مکران ڈویژن کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلباء وطلبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےنگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری کا کہنا تھا کہ ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں اور جذبہ حب الوطنی پر پورابھروسہ ہے، آج ہمارے ملک کو جن مشکلات کا سامنا ہے ان سے نمٹنے میں نوجوان کامیاب قائدانہ کردار ادا کریں ،حکومت ، طلباء و طالبات اور اساتذہ کے تعاون سے شعبہ تعلیم کی بہتری کے ذریعے تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ یقینی بنا رہی ہے،ہمارا امن اور تعلیم دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ وہ ملک اور صوبے کے خلاف اپنی ناپاک سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری کا کہنا تھا کہاللہ تعالیٰ کے فضل و کرم ، اساتذہ اور طلباء کے بلند حوصلوں ، حکومتی کوششوں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت ہم سب نے ملکر ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے،ہمارے ادارے نئی نسل کی تعمیر اور کردار سازی میں مصروف عمل ہیں اور ہمارے بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں، قوموں پر مشکل وقت ضرور آتے ہیں لیکن ان میں وہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں جو بے خوف ہو کر حالات کا مقابلہ کرتی ہیں، مجھے فخر ہے کہ ہم بھی انہی قوموں میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا آنے والا دور بہت روشن ہے، یہاں سی پیک بن رہا ہے،سرمایہ کاری اور صنعت کاری کو فروغ مل رہا ہے ،پاکستان ہم سب کا وطن ہے اور اپنے وطن اپنی آزادی اور خودمختاری کا دفاع ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، بلوچستان پاکستان کا نہ صرف ایک اہم صوبہ ہے بلکہ پاکستان کے خوشحال مستقبل کا دارومدار بلوچستان کی ترقی پر ہے۔